”فواد چوہدری آج کل چاند چاند کھیل رہے ہیں“ وفاقی وزیر مذہبی امور بھی میدان میں آ گئے، عید الفطر سے متعلق اپنا ’فیصلہ‘ سنا دیا

”فواد چوہدری آج کل چاند چاند کھیل رہے ہیں“ وفاقی وزیر مذہبی امور بھی میدان ...
”فواد چوہدری آج کل چاند چاند کھیل رہے ہیں“ وفاقی وزیر مذہبی امور بھی میدان میں آ گئے، عید الفطر سے متعلق اپنا ’فیصلہ‘ سنا دیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ فواد چوہدری میرے اچھے دوست ہیں لیکن آج کل وہ چاند چاند کھیل رہے ہیں، مگر عید کا فیصلہ علماءکرام ہی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق نور الحق قادری نے اپنے بیان میں کہا کہ عید کا شرعی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی 23 مئی بروز ہفتہ کراچی میں کرے گی جبکہ ملک کی عوام اور حکومت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ہی عید منائے گی کیونکہ شریعت اور دین چاند کی رویت اور شہادت پر اعتماد کرتی ہے۔

نور الحق قادری نے کہا کہ شہادت اور رویت کیلئے سائنس اور جدید آلات کی معاونت لی جا سکتی ہے جبکہ اس مرتبہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندے کو بھی مرکزی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔وزیر مذہبی امور کاکہنا تھا کہ فواد چوہدری میرے اچھے دوست ہیں لیکن آج کل وہ چاند چاند کھیل رہے ہیں، مگر عید کا فیصلہ علما ءکرام ہی کریں گے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 22 مئی کی رات شوال کے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے، آج غروب آفتاب کے بعد دوربین سے چاند واضح نظر آ جائے گا، کل ملک بھر میں عیدالفطر ہوگی۔

وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد سے مذہبی تہواروں سے متعلق چاند ہمیشہ متنازعہ رہتاہے، 1974ءمیں رویت ہلال کمیٹی بنی اور امید تھی مسئلہ حل ہوگا مگر رویت ہلال کمیٹی خود ہی ہمیشہ تنازعات کا شکار رہی، مذہبی تہوار کو تنازعے کی بجائے یکجہتی کا مرکز ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چاند دیکھنے سے ٹیکنالوجی کا تعلق نہ ہونے کی بات کو میں مسترد کرتا ہوں، دنیامیں چاند دیکھنا کوئی مسئلہ نہیں ہے، آنے والے وقت میں لوگ چاند پر عید منائیں گے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -