پی ایس ایل تنازعات حل کرنے کی کوششیں تیز ہو گئیں، میڈیا پارٹنر کیساتھ معاملات طے کرنے کیلئے کون میدان میں اترا ہے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

پی ایس ایل تنازعات حل کرنے کی کوششیں تیز ہو گئیں، میڈیا پارٹنر کیساتھ ...
پی ایس ایل تنازعات حل کرنے کی کوششیں تیز ہو گئیں، میڈیا پارٹنر کیساتھ معاملات طے کرنے کیلئے کون میدان میں اترا ہے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تنازعات حل کرنے کی کوشش تیز کر دی ہے اور بورڈ ملکی کرکٹ کی نئی براڈ کاسٹ ڈیل سے قبل سب کچھ کلیئر کرنا چاہتا ہے، میڈیا پارٹنر کیساتھ معاملات طے کرنے کیلئے سابق سی ای او سبحان احمد نے میدان سنبھال لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سے قبل میڈیا پارٹنر اورکرکٹ بورڈ میں سنگین نوعیت کے اختلافات ہو گئے تھے اور ایک موقع پر تو معاملہ پوائنٹ آف نوریٹرن پر پہنچتا دکھائی دیا تھا، بورڈ نے فرنچائز مالکان کے ہنگامی اجلاس میں اگلے پلان پر تبادلہ خیال بھی کیا مگر پھر مسئلہ وقتی طور پر حل ہو گیا تاہم دونوں فریقین میں کئی میٹنگز کے باوجود بعض اختلافات موجود ہیں، انہیں طے کرنے کیلئے باہمی رضامندی سے پی سی بی کے سابق چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی خدمات حاصل کر لی گئیں،وہ گزشتہ برس نومبر میں عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔

سبحان احمد فائلز کا جائزہ لینے اور ملاقاتوں میں مصروف ہیں جس کے بعد رپورٹ بنا کر اہم مسائل کی نشاندہی اور حل تجویز کریں گے، بورڈ کو آئندہ چند ماہ میں ملکی کرکٹ کی نئی نشریاتی ڈیل کرنا ہے اور حکام کی خواہش ہے کہ اس سے پہلے ہی پی ایس ایل کے میڈیا پارٹنر سے تنازعات بھی حل ہو جائیں، کورونا وائرس کی وجہ سے مارکیٹ ڈاﺅن ہے، پاکستان کی آئندہ تین سال میں بھی بھارت سے کوئی سیریز نہیں ہونی، اس سے بھی ویلیو پر فرق پڑے گا، سری لنکا کرکٹ بورڈ6بار ٹینڈر جاری کر کے پارٹیز کی عدم دلچسپی اور کمتر آفرز کی وجہ سے انہیں ملتوی کر چکا ہے۔

بنگلہ دیش کو بھی اس حوالے سے مسائل کا سامنا ہے، ایسے میں پاکستان کو اندازہ ہے کہ کم امیدوار میدان میں ہوں گے اور سابقہ ڈیل کی آدھی رقم ملنا بھی ممکن نہیں۔ میڈیا رائٹس کی کنسلٹنسی کیلئے اشتہار میں آخری تاریخ15 مئی تھی تاہم بورڈ ترجمان کے مطابق اب تک اس کا فیصلہ نہیں ہوا ہے، اس حوالے سے ایک آسٹریلوی کمپنی اور آئی سی سی آفیشل کے نام پہلے ہی سامنے آ چکے ہیں۔

مزید :

کھیل -PSL -PSL News Update -