’یہ میری شادی خراب کررہا ہے‘ آدمی نے تھانے میں گوگل میپس کے خلاف شکایت درج کروادی

’یہ میری شادی خراب کررہا ہے‘ آدمی نے تھانے میں گوگل میپس کے خلاف شکایت درج ...
’یہ میری شادی خراب کررہا ہے‘ آدمی نے تھانے میں گوگل میپس کے خلاف شکایت درج کروادی

  

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) گوگل میپس نے تو لوگوں کی زندگیاں آسان بنا دی ہیں کہ راستہ معلوم نہ ہونے پر بھی آدمی منزل پر پہنچ جاتا ہے لیکن بھارت میں ایک شخص نے گوگل میپس کے خلاف تھانے میں رپورٹ درج کروا دی ہے اور اس کی وجہ ایسی ہے کہ سن کر آپ کے لیے مسکراہٹ چھپانا مشکل ہو جائے گا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ضلع ناگاپٹنم میں واقع قصبے مائلاڈوتھورائے کے رہائشی آر چندرشیکھرن نامی دکاندار نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ گوگل میپس میری شادی خراب کر رہا ہے اور میرے اور میری بیوی کے درمیان جھگڑے پیدا کر رہا ہے۔

چندر شیکھرن نے بتایا کہ ”میری بیوی گوگل میپس کے ذریعے میری جاسوسی کرتی رہتی ہے لیکن گوگل میپس اکثر اسے میری لوکیشن غلط بتاتا ہے۔ آخری بار یہ واقعہ تین روز قبل پیش آیا۔ میں کام سے واپس گھر پہنچا تو میری بیوی نے مجھے ایک جگہ کا بتا کر پوچھا کہ میں وہاں کیا کرنے گیا تھا، مگر میں تو اس جگہ گیا ہی نہیں تھا۔ اس نے گوگل میپس کی ہسٹری میرے سامنے کر دی جو بتا رہا تھا کہ میں اس روز اس جگہ گیا تھا۔ ایسا کئی بار ہو چکا ہے کہ گوگل میپس میری لوکیشن ایسی جگہ کی دکھا دیتا ہے جہاں میں گیا ہی نہیں ہوتا اور میری بیوی مجھ پر شک کرتی ہے۔ وہ میری بات کا یقین ہی نہیں کرتی۔ وہ کہتی ہے کہ ایپلی کیشن جھوٹ تو نہیں بول رہی۔ چنانچہ ہمارے درمیان شدید جھگڑا ہوتا ہے۔“ پولیس انسپکٹر کے سنگاراویلو کا کہنا ہے کہ چندر نے شکایت تو جمع کروا دی ہے لیکن اس پر تاحال ایف آئی آر رجسٹرڈ نہیں کی گئی۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -