ڈالر کی بے لگام صورت حال ملکی معیشت کو کمزور کررہی ہے،مجاہد مقصود
لاہور(سٹی رپورٹر) انجمن تاجران لاہور رجسٹرڈ کے صدر حاجی مجاہد مقصود بٹ نے کہا ہے کہ ڈالر کی بے لگام صورت حال ملکی معیشت کو کمزور کررہی ہے۔ روپے کی قدر گرنے سے مہنگائی کی بے رحم لہر اٹھی ہے جس نے کاروبار کمزور کردیئے ہیں، عام آدمی کی قوت خرید دم توڑ رہی ہے۔ ملک میں معاشی عدم استحکام کی فضا تاجروں کو گہری تشویش میں مبتلا کئے ہوئے ہے۔ حکومت کاروباری حالات میں غیر یقینی کی فضا کا خاتمہ کرے۔ ملکی معیشت کو معاشی عدم توازن سے نکالنے کیلئے سبسڈائز معاشی پالیسیز فی الفور لائی جائیں ۔ پاکستان بحران اور مشکل معاشی صورت حال سے اسی صورت باہر نکل سکتا ہے جب روپے کی قدر مضبوط ہو۔ قوم کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کیلئے صنعت و تجارت پر ہیوی مقامی ڈیوٹیز کو کم ترین سطح پر لایا جائے۔
ریلیف اور سبسڈیز ہی ملکی معاشی بحرانوں کا موثر اور پائیدار حل مرتب کر سکتی ہیں۔