چولستان کے مکین قوم سے مدد کے طلبگار ہیں،علامہ جواد نقوی
کاہنہ(نامہ نگار)تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا ہے کہ چولستان میں سسکتی انسانیت دھرتی پر بسنے والے انسانوں سے مدد کی طلبگار ہے، انسانی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں، مویشیوں کی ہلاکتوں کی میڈیا پر نشاندہی پر بھی انتظامیہ نہیں جاگی۔ چولستان پانی کی بوند بوند کو ترس رہا ہے اور حکمران اپنے اقتدار کے چکروں میں سسکتی انسانیت کو فراموش کر چکے ہیں۔ لاہور میں تقریب سے خطاب میں علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ چولستان میں انسانوں اور جانوروں کیلئے پینے کا پانی نایاب ہے۔جس کے باعث چولستان میں جانور مررہے ہیں۔ بھیڑ، بکریاں ہلاک ہونا شروع ہوئیں تو چولستانیوں کی طرف سے نقل مکانی اور احتجاج شروع ہوا تو انتظامیہ خواب خرگوش سے باہر آئی، لیکن اس نے کوئی ٹھوس اقدامات اٹھانے کی بجائے روایتی طرز عمل اپناتے ہوئے محض کمیٹیوں کی تشکیل پر ہی اکتفا کیا۔