خانہ جنگی کی سازش ناکام ہو گی، عوام عمران خان کا گریبان پکڑیں گے سابق حکومت نے ملک کو معاشی تباہی کے دھاہنے پر پہنچا دیا: شہباز شریف

خانہ جنگی کی سازش ناکام ہو گی، عوام عمران خان کا گریبان پکڑیں گے سابق حکومت ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہے عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں سوائے مخالفین کو دیوار سے لگانے کے کوئی اور کام نہیں کیا،عمران نیازی دن رات نیب کے اوپر سوار رہتا تھا، یہ شخص خانہ جنگی کرانا چاہتا ہے لیکن یہ اس کی بہت بڑی بھول ہے عوام اس کا گریبان پکڑیں گے،جب میں نے قومی اسمبلی میں پہلا خطاب کیا تو اس وقت میثاق معیشت کی بات کی لیکن پایہ حقارت سے اسے ٹھکرا دیا گیا،انتخابات کا فیصلہ اتحادیوں کی مشاورت سے کریں گے۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کومکمل فعال کرنے اور غریبوں کے لئے علاج معالجے کی سہولیات کے لئے متعدد فیصلے کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے ایل آئی کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری پنجاب،ڈاکٹر سعید اختر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم کی جانب سے گزشتہ دور کے موقع پر جاری احکامات سمیت ہسپتال کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے صحافیوں کو بتایا کہ پی کے ایل آئی کی صورتحال کو بہت بہتر بنانے اور غریب اورنادارا لوگوں جن کا تعلق چاہے پاکستان کے کسی بھی علاقے سے ہو ان کے علاج کے حوالے سے فیصلے کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سعید اختر اس عظیم ہسپتال کے بانی ہیں لیکن انہیں انتہائی غلط طریقے سے یہاں سے فارغ کرکے ہسپتال کو بے پناہ نقصان پہنچایاگیا، انہیں چیئرمین بورڈ آف گورنر زپی کے ایل آئی بحال کیا گیا ہے اور میں ان کو کو مبارکباد دیتا ہوں کہ آپ عزت کے ساتھ واپس آئے ہیں اور آپ کی سربراہی میں دکھی انسانیت کی خدمت ہو گی اور ہسپتال کی کارکردگی کو بھی چار چاند لگیں گے، آپ کی قیادت میں شاندارقوی ٹیم اس ہسپتال کو چلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ طے ہوا ہے کہ ہسپتال میں پچاس فیصد مریضوں کا کڈنی اور لیور کا علاج مفت ہوگا، جو مریض کچھ ادائیگی کر سکتے ہیں وہ بھی علاج کر اسکیں گے، باقی جو علاج کرانے کی حیثیت رکھتے ہیں وہ پوری ادائیگی کریں گے اوریہ آمدن غریبوں کے علاج کے اخراجات برداشت کرنے کے لئے استعمال ہو گی،حکومت پنجاب کا سالانہ بجٹ اس  کے علاوہ ہوگا۔ اس کے علاوہ نرسنگ یونیورسٹی کا منصوبہ جو تین سال سے تعطل کا شکار ہے اسے بھی ایک سال کے اندر مکمل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے اور متعلقہ حکام نے یقین دلایا ہے کہ اس سے نہ صرف اس ہسپتال کی نرسز کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا بلکہ پنجاب میں پاکستان میں جہاں جہاں ضرورت ہو گی اسے بھی پوراکیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا جو خواب تھا وہ ادھورا ہو گیا بلکہ تین سالوں میں تتر بتر ہو گیا،سابقہ حکومت کی کوشش تھی کہ مسلم لیگ (ن) کے دور کے جو منصوبے ہیں ان پر پیشرفت نہ کی جائے۔ ڈاکٹر سعید اختر فرشتہ صفت انسان ہیں لیکن انہیں صرف اس لئے فارغ کیا گیا کیونکہ وہ ہماری حکومت میں آئے تھے اوراس غصے اور نفرت میں انہیں بدل دیا گیا، اس ہسپتال پر غریب قوم کا 20ارب روپے خرچ ہوا، سابق چیف جسٹس بار بار یہاں اور سوال کیا گیا کہ 20ارب روپے کہاں خرچ ہوئے۔نیب الٹا ہو گیا دن رات ہزاروں کاغذوں کی جانچ پڑتا ل ہوئی لیکن ایک دھیلے کی کرپشن نہیں نکال سکے لیکن ہسپتال کو برباد کر دیا گیا۔ عمران نیازی کو ماسوائے اپنے سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگانے کے ایک لمحے کی فرصت نہیں تھی، وہ دن رات یہ احکامات دیتے تھے کہ ان کو جیلوں میں بھجوایا جائے،نیب کے عقوبت خانے میں ڈالا جائے،کاش ان کے پاس وقت ہوتا وہ اس ہسپتال کے لئے جو دکھی انسانیت ہے اورمستحق طبقات کیلئے بنایا گیا خود یہاں آتے، میرا یہاں ایک ماہ میں تیسرا دورہ ہے، کاش میں ان میں اتنا حوصلہ ہوتا،پاکستانیت ہوتی تو وہ یہاں پرآتے مریضوں کے لئے بہتر اقدامات کرتے لیکن ان کے پاس ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام، پانی کے منصوبوں کو دیکھنے،ترقی او رخوشحالی لانے کیلئے وقت ہی نہیں تھا، انہوں نے جو وعدے کئے تھے کہ ایک کروڑ گھربنائیں گے ایک اینٹ بھی نہیں لگائی، وعدہ کیا گیا کہ پچاس لاکھ نوکریاں دیں گے لیکن کئی لاکھ لوگ بیروزگارہو گئے اورایک نوکری نہیں ملی،بلکہ اس ہسپتال میں جو مایہ ناز ڈاکٹرز،سرجنز اورفزیشنز دنیا سے ملک کی خدمت کے لئے آئے تھے وہ واپس چلے گئے اور عمران نیازی کو ماسوائے گالی گلوچ اور کردار کشی کے فرصت نہیں تھی۔ سابقہ دور میں مافیا کے ذریعے چینی ایکسپورٹ کی گئی او ر اس پر سبسڈی دی گئی،پھر اربوں کھربوں خرچ کرکے چینی درآمد کی گئی اور اس کی قیمت 52روپے سے 100روپے تک پہنچ گئی۔ہم نے رمضان المبارک میں رمضان بازاروں میں 70روپے کلو چینی مہیا کی، پنجاب میں دس کلو کا آٹے کا تھیلا 490روپے میں ملے گا او راس کے لئے اربوں روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص نئے پاکستان نئی امید کی بات کرتا تھا شفاف چلی کی بات کرتا تھا اس نے اس طرف ایک قدم نہیں اٹھایا یا غریب کو سبسڈی دی گئی ہو،ساڑھے تین سال میں عوام مہنگائی کی چکی میں پس گئے،غریب عوام رل گئے لیکن ان کے پاس ایک لمحہ نہیں تھاکہ کوئی بہتری کرتے اورنئے ہسپتال بناتے۔وزیر اعظم شہباز شریف سے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔ملاقات میں انتخابی اصلاحات کے بعد قومی انتخابات کی طرف جانے پر اتفاق ہوا۔ملاقات میں عمران خان کی بازاری زبان پر بھی افسوس کا اظہار کیاگیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، پاک -چین دوستی اور باہمی اعتماد کو ایک نئی بلندی پر لے جانے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان،چین- پاک اقتصادی راہداری کی تعمیر میں تیزی لانے کے لیے پرعزم ہے، اور نئے منصوبوں کے ساتھ راہداری کی تعمیر میں مزید قوت فراہم کرے گا۔انہوں نے پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ان خیا لات کا اظہار وزیر اعظم نے چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنی تقریر میں کیا۔) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پرتعیش اشیا کی درآمدات پر پابندی سے سماجی عدم توازن کا بھی خاتمہ ہو گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بات کرنے کی دعوت پر کراچی کی کاروباری برادری کا شکر گزار ہوں۔ پرتعیش اشیا پر پابندی کے حوالے سے کاروباری طبقے کو وضاحت دی۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے پرتعیش پر درآمدی پابندی کا مقصد زرمبادلہ کی بچت، مستحکم کرنسی اور مقامی صنعت کا تحفظ ہے۔   شہباز شریف نے کہا کہ پرتعیش اشیا کی درآمدات پر پابندی سے سماجی عدم توازن کا بھی خاتمہ ہو گا۔
شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -