شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ 3کلو میٹر تک پھیل گئی، ریسکیو آپریشن جاری 

شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ 3کلو میٹر تک پھیل گئی، ریسکیو آپریشن جاری 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        کوئٹہ، راولپنڈی،اسلام آباد(نیوزایجنسیاں) بلوچستان کے ضلع شیرانی میں چلغوزے کے جنگلات میں لگی آگ سے 30کلو میٹر رقبے پر جنگلات متاثر صوبائی و وفاقی حکومت کا آپریشن جاری ہے، تفصیلات کے مطابق ضلع شیرانی کے علاقے میں کوہ سلیمان کے پہاڑوں میں چلغوزے کے جنگلات میں لگی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا محکمہ پی ڈی ایم اے کے حکام کے مطابق آگ سے 30کلو میٹرتک جنگلات میں بڑی تعداد میں نقصانات ہوئے ہیں،حکام کے مطابق مقامی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، پاک فوج، ایف سی اور مقامی رضاکاروں کی مدد سے آگ بجھانے کا کام جاری ہے آگ پر قابو پانے کے لئے 2ہیلی کاپٹرز کی مدد بھی لی جارہی ہے جبکہ زمین پر پی ڈی ایم سمیت دیگر ادارے ملکر آگ پر قابو پانے کے لئے کوشاں ہیں حکام کے مطابق ریکسیو آپریشن میں ایک سیٹلائٹ وین، 10 چین سو، 2ایمبولینس جبکہ آگ بجھانے کے لئے 461فائر بالز، 50فائر ایکسکلوشن،آگ بجھانے والا فوم استعمال کئے جارہے ہیں ساتھ ہی 100جری کین، 100بالٹیاں،100رضائیاں،100واٹر کولر، 100چار پائیاں بھی دستیاب ہیں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک آ گ کے باعث 3افراد جاں بحق جبکہ 40زخمی ہوئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع شیرانی کے علاقے شرگلی کے جنگلات میں لگی ہوئی آگ بجھانے کی کوششیں اتوار کو بھی جاری ر ہیں، پائین جنگلات میں 18 مئی کو شدید آگ شروع تھی، بلوچستان پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے امدادی کاموں میں تعاون کررہی ہیں،فوج اورایف سی بلوچستان آگ بجھانے کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کررہی ہیں، کوئٹہ کور ہیڈکوارٹرز پی ڈی ایم اے کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے، جنگلات میں لگی ہوئی آگ 10 ہزار فٹ کی بلند چوٹیوں کے اردگرد موجود ہے تاہم شدید گرم موسم اور ہواؤں سے آگ دور تک پھیل چکی ہے البتہ آگ بدستور قریب ترین دیہات سے ابھی 10 کلومیٹر دور ہے، امدادی کاموں کے دوران متاثرہ علاقے سے 10 خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، ایف سی بلوچستان نے مانی خوا میں میڈیکل ریلیف کیمپ بھی قائم کردیا ہے، ایف سی کا ایک ونگ، 2 آرمی ہیلی کاپٹرز آگ بجھانے میں مصروف عمل ہیں، ایک ہیلی کاپٹر سے آگ پر پانی گرایا جارہا ہے،دوسرے ہیلی کاپٹر سے فائر بالز اور کیمیکلز پھینکے جارہے ہیں۔مغرب میں ایران سے گردآلود مٹی کا طوفان بلوچستان میں داخل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرد آلود طوفان شمال مشرقی بلوچستان کی جانب بڑھ رہا ہے۔شیرانی سے متصل خیبرپختونخوا اورپنجاب کے علاقے ہواکے کم دباؤکا شکارہیں اور کوہ سلیمان پر لوکل ڈویلپمنٹ کے تحت بادل تشکیل پا رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوہ سلیمان پر موجود بارش کا کمزور سلسلہ اگلے چند گھنٹوں تک طاقتور ہوسکتا ہے اور بارش کاطاقتور سسٹم بننے سے آگ سے متاثرہ کوہ سلیمان پر بارش کا امکان ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف کو بلوچستان کے جنگلات میں آگ پر قابو پانے کیلئے جاری آپریشن پر تفصیلی رپورٹ پیش کر دی گئی جس کے مطابق شیرگالی، زرگون زوار، تورگھر اور تکئی میں محکمہ جنگلات کی طرف سے 300 سے زائد افراد پر مشتمل ٹیمیں آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔تفصیلات کیمطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے 21 مئی کو لاہور میں منعقدہ ہنگامی اجلاس میں آگ پر قابو پانے کیلئے آپریشن کو مزید تیز کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق آگ پر قابو پانے کیلئے وزیرِ اعظم کی ہدایات پر وفاقی و صوبائی اداروں کے تعاون سے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں،کمشنر ژوب نے علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی اور سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات کی طرف سے آپریشن کی نگرانی کیلئے کنٹرول روم قائم کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق چیف سیکرٹری بلوچستان، سیکرٹری جنگلات اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے آپریشن کی نگرانی کیلئے آگ کی جگہ کا دورہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق شیرگالی، زرگون زوار، تورگھر اور تکئی میں محکمہ جنگلات کی طرف سے 300 سے زائد افراد پر مشتمل ٹیمیں آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔  وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے ایران نے جہاز فراہم کر دیا ہے۔ میر عبدالقدوس بزنجو نے ژوب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے وفاقی حکومت کی کوششوں سے دوست ملک ایران نے جہاز فراہم کر دیا ہے، ایرانی جہاز جلد شیرانی میں آپریشن شروع کر دے گا۔ حکومت بلوچستان کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ مقامی انتظامیہ اور محکمہ وائلڈ لائف کی صلاحیت اور وسائل محدود ہے تاہم اب حکومت بلوچستان، وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کی دلچسپی کے باعث شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر بہت جلد قابو پالیا جائے گا۔
شیرانی جنگلات آگ 

مزید :

صفحہ اول -