ملک بھر میں 5روزہ پولیو مہم شروع، 4کروڑ 33لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائینگے
لاہور کوہاٹ، پشاور (این این آئی)پنجاب سمیت ملک بھر میں انسداد پولیو مہم آج بروز پیر سے شروع ہوگی جو پانچ دن جاری رہے گی۔مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے تقریباً 4کروڑ 33لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔چھ ماہ سے 5سال تک کے بچوں کو وٹامن اے کی اضافی خوراک کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔تقریباً 3لاکھ 40ہزار ورکرز اس مہم میں حصہ لیں گے جو بچوں کو ان کے گھروں کی دہلیز پرویکسین پلائیں گے۔انسدادپولیو مہم کے سلسلہ میں سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔دریں اثناء صوبہ خیبرپختونخوا میں قومی انسدادپولیوکی دوسری ملک گیر مہم (آج) سے شروع ہورہی ہے جوپانچ روز جاری رہے گی جس کے دوران ملک بھر کے 156اضلاع میں مجموعی طورپرپانچ سال تک عمر کے4 کروڑ33 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤکے دو قطرے پلائے جائیں گے۔ قومی انسداد پولیومہم کے دران تقریباً3 لاکھ 40 ہزاراہلکارحصہ لیں گے جوگھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچاؤقطرے پلائیں گے۔ ملک بھر میں پولیو کے ممکنہ خاتمہ کے تقریباً 15 ماہ بعد اچانک گزشتہ چند ہفتوں کے دوران قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں تین بچے پولیووائرس سے متاثر ہوئے جس کیساتھ ہی ملک میں ایک بار پھر پولیو کے موذی مرض نے سراٹھالیا۔ذرائع کے مطابق انسداد پولیو کے قومی مہم کے دوران صوبہ خیبرپختونخوا کے 35 اضلاع میں پانچ سال کی عمر کے تقریباً72 لاکھ86 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے۔ صوبہ پنجاب کے 36 اضلاع میں 2 کروڑ20 لاکھ‘ صوبہ سند ھ کے 30 اضلاع میں 99 لاکھ سے زائد جبکہ صوبہ بلوچستان کے 34 اضلاع میں 26 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤکے دو قطرے پلائے جائیں گے۔دریں اثناء شمالی وزیرستان کے 23 یونین کونسلز میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز آج سے کیا جا رہا ہے مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 119638 بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے پولیو ویکسین کے قطرے پلوائے جائینگے۔ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان کی زیر صدارت اجلاس میں مہم کی کامیابی کیلئے اہم فیصلے کئے گئے اور اس خصوصی پولیو مہم کو زیادہ سے زیادہ موثر انداز میں چلانے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پولیو