عمران خان اپنی سیاست کیلئے لوگوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں: شیری رحمان
اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ اسمبلی عمران خان کی مرضی اور مطالبے پر تحلیل نہیں ہوگی،عمران خان نے اپنے کارکنان کو مارچ کی نہیں انتشار کی کال دی ہے، عمران خان کے وزراء کہہ چکے ہیں تحریک انصاف کا لانگ مارچ خونی ہوگا، اپنی سیاست بچانے کے لئے لوگوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں،پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عمران خان مارچ میں شریک ہونے کیلئے اپنے بچوں کو بھی بلائیں۔اتوار کو عمران خان کے لانگ مارچ کے اعلان پر اپنے ردعمل میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان کے پاس عوام میں جانے کیلئے کارکردگی نہیں، مفروضی بیانیہ ہے، پیپلز پارٹی نے کراچی سے اسلام آباد تک پر امن عوامی مارچ کیا، شیری رحمان نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے 126 دن اسلام آباد کو یرغمال بنایا، عمران خان کہتا ہے مجھے اقتدار میں لاؤ ورنہ میں کنٹینر سیاست کروں گا، یہ اب اداروں کو 2014 کی طرح بلیک میل کر رہے ہیں، انتخابات کی تاریخ کا مطالبہ الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالنے کے مترادف ہے، پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عمران خان مارچ میں شریک ہونے کیلئے اپنے بچوں کو بھی بلائیں،عمران خان مسلسل جھوٹ بولنے کا ریکارڈ بنا رہے ہیں،عمران خان انتشار کی علامت بن چکے ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان تم نے سٹیل ملز کو بند کرکے ہزاروں مزدوروں کو برطرف کردیا، تم نے کھاد بحران پیدا کرکے زراعت تباہ،کسانوں کا معاشی قتل کیا۔
شیری رحمان