چارسدہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کی کئی ماہ سے عدم تعیناتی پر استاتذہ تنظیموں کا غیر معمولی اجلاس
چارسدہ(بیورورپورٹ) ضلع چارسدہ میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کی کئی ماہ سے عدم تعیناتی پر استاتذہ تنظیموں کا غیر معمولی اجلاس۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی عدم تعیناتی سے اساتذہ کی ڈیپارٹمنٹل پروموشن سمیت کئی دفتری امور التواء کا شکار۔اجلاس میں استاتذہ کے سروس سٹرکچر، ایس ایس ٹی کو گریڈ سترہ جبکہ قاری حضرات کو گریڈ پندرہ دینے کی سفارش کی گئی۔ اس حوالے سے گورنمنٹ ہائی سکول گڑھی حمید گل چارسدہ میں آل ٹیچرز کوارڈینیشن کونسل کا ایک اجلاس منعقد ہواجس کی میزبانی تنظیم اساتذہ ضلع چارسدہ کے چئیرمین سیف اللہ خان نے کی۔اجلاس میں تنظیم اساتذہ چارسدہ، ملگری استاذان چارسدہ، ATA چارسدہ، اپٹا چارسدہ،،SST چارسدہ اپٹا ملک خالد گروپ، ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن، این ٹی ایس گروپ کے ضلعی صدور جنرل سیکرٹریز نمائندگان اور صاحب الرائے اساتذہ کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں شرکاء ضلع چارسدہ میں کئی ماہ سے حکومت کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی عدم تعیناتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ای او کی عدم تعیناتی کو محکمہ تعلیم کے لئے ایک بڑانقصان قرار دیا۔ اس موقع پر اجلا س کے شرکاء کا کہنا تھاکہ چار ماہ قبل چارسدہ سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کا تبادلہ کیا گیا لیکن تاحال کسی دوسرے افسر کی اس پوسٹ پر تعیناتی مکمل نہیں کی گئی ہے جس کے باعث محکمہ تعلیم میں دفتری امور پچھلے کئی ماہ سے ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں جس سے نہ صرف استاتذہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ تعلیمی اداروں کی مختلف ضروریات بھی پوری نہیں ہور ہی ہے جس سے درس و تدریس کا عمل
بھی متاثر ہو رہا ہے۔محکمہ تعلیم چارسدہ میں عرصہ دراز سے اساتذہ کی ڈیپارٹمنٹل پروموشن اور دوسرے ضروری امور التوا میں ہیں جس کی مکمل نہ ہونے پر استاتذہ میں بے چھینی پائی جا تی ہے جبکہ اس بابت دفتروں کا نامناسب رویہ تشویش ناک ہے جو کہ اساتذہ برادری کو بے چین کئے ہوئے ہے زنانہ استانیوں کے حوالے سے بھی کئی مسائل کی نشاندھی کی گئی۔ اس دوران اجلاس میں اساتذہ کے سروس سٹرکچر، ٹائم سکیل اور اپگریڈیشن پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی جس پر شرکاء نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔اس موقع پر سروس سٹرکچر کو اساتذہ کے لئے موزوں قرار دیا گیا اور ایس ایس ٹی کو گریڈ سترہ اور قاری حضرات کو گریڈ پندرہ دینے کی سفارش کی گئی۔