حکومت ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرے، الحاج عابد علی
پشاور (سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی کونسل الحاج عابد علی نے کہا کہ پشاور دلہ زاک روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے تا کہ عوام کو درپیش مسائل کا خاتمہ ہو ترقیاتی کاموں میں تاخیر کی وجہ سے آئے روز ٹریفک حادثات رونما ہورہے ہیں جو تشویشناک ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ترقیاتی کاموں کو صرف اور صرف افتتاحی پروگرامات تک محدود کر رکھا ہے اسی وجہ سے انکو آنے والے انتخابات میں شکست کا سامنا ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ ترقیاتی فنڈ ہونے کے باوجود محکمہ بلدیات کے ذمہ داران نے سڑک کی تعمیر کو تاحال مکمل نہیں کیا جو لمحہ فکریہ ہے۔اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ افتتاح ہونے کے باوجود بھی روڈ کا مکمل نہیں ہونا علاقے کے منتخب ایم این اے اور ایم پی اے کی بے حسی ہے جنہوں نے عوام کو غلط فہمی میں مبتلا کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روڈ خراب ہونے کی وجہ سے آئے روز ٹریفک حادثات رونما ہورہے ہیں لیکن منتخب اراکین ٹھس سے مس نہیں ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر زیر تعمیر روڈ کو مکمل کیا جائے بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہوجائینگے اور دلہ زاک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیں گے۔