یاسین ملک کو سز سنائے جانے کیخلاف مقبوضہ جمو ں وکشمیر میں کل مکمل ہڑتال کا اعلان 

  یاسین ملک کو سز سنائے جانے کیخلاف مقبوضہ جمو ں وکشمیر میں کل مکمل ہڑتال کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        سرینگر (این این آئی) بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی عدالت کی طرف سے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو جھوٹے مقدمے میں سزا سنائے جانے کے خلاف(کل) منگل کوغیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ، تاجروں، سول سوسائٹی کے ارکان، طلباء اور دیگر حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے اس کی حمایت کی   ایک انتہائی قابل مذمت پیش رفت میں غیر قانونی طور پر نظربند جے کے ایل ایف کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو جمعرات کو2017ء میں بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے درج کئے گئے ایک جھوٹے مقدمے میں مجرم ٹھہرایا گیا۔جے کے ایل ایف کے چیئرمین نے پہلے عدالت کو بتایا تھا کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون(یو اے پی اے)اور بھارت کے خلاف جنگ چھیڑنے سمیت انڈین پینل کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت لگائے گئے الزامات کا دفاع نہیں کریں گے۔عدالت نے قبل ازیں مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، سید صلاح الدین، ایڈووکیٹ شاہد الاسلام، الطاف احمد شاہ، ایاز محمد اکبر، راجہ معراج الدین کلوال، پیر سیف اللہ، تاجر ظہور احمد وٹالی اور سابق رکن اسمبلی انجینئررشید سمیت دیگرحریت رہنماؤں کے خلاف بھی باضابطہ طور پرفردجرم عائد کردی تھی۔ مودی حکومت انہیں اپنے وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی مخالفت کرنے اور اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر نشانہ بنا رہی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے اپنے توسیع پسندانہ عزائم کے پیش نظر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کو دبانے کے لیے ماضی کے تمام جابرانہ اقدامات کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی ہندوتوا حکومت نے بوکھلاہٹ میں حریت پسند قیادت کو جھوٹے او رمن گھڑت مقدمات میں پھنسانے اوراپنے غیر قانونی اور مذموم عزائم کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کٹھ پتلی عدالتیں قائم کیں۔  دریں اثناء جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں وکشمیر سمیت دنیا بھرمیں بالخصوص امریکہ، برطانیہ اور یورپ میں مقیم کشمیریوں سے یاسین ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے اور بھارتی عدلیہ کے خلاف منگل کو احتجاجی مظاہرے، ریلیاں،دھرنوں اور ہڑتال کی اپیل کی ہے۔اپنے محبوب قائد اورجے کے ایل ایف کے چیئرمین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارت کے غیر جمہوری رویے پر اپنے غم و غصے کے اظہار کے لیے تاجروں اور ٹرانسپورٹروں سے خصوصی طور پر گزارش کی گئی ہے کہ وہ ہڑتال کی کال کو کامیاب بنائیں جے کے ایل ایف کے بیان میں آزاد جموں کشمیر،، گلگت  بلتستان اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ 24اور 25مئی کو پرامن احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اورضلعی ہیڈ کوارٹرز پراور بھارتی سفارت خانوں کے باہر دھرنا دیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ بالخصوص اور مقبوضہ جموں وکشمیرکے عوام بالعموم علاقے کے مقبول ترین آزادی پسند رہنمامحمد یاسین ملک کے بارے میں جانبدارانہ اور غیر منصفانہ عدالتی فیصلے کو تسلیم نہیں کریں گے۔
کشمیر

مزید :

صفحہ اول -