اداکار دھنوش کے والدین ہونے کا دعویٰ کرنا بھارتی جوڑے کو مہنگا پڑگیا، کروڑوں روپے کا مطالبہ

ممبئی (ویب دیسک) ساؤتھ اور بالی ووڈ کے سپر سٹار دھنوش نے سگے والدین ہونے کے دعویدار جوڑے کو قانونی نوٹس بھیجوادیا، جس میں 10 کروڑ ہرجانہ کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
دھنوش اور ان کے والد کستوری راجا نے حال ہی میں مدورائی سے تعلق رکھنے والے جوڑے کو قانونی نوٹس بھجوایا ہے، جن کا دعویٰ ہے کہ اداکار اُن کا بیٹا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دعویدار جوڑے کو قانونی نوٹس دھنوش کے وکیل ایس حاجی محی الدین کے ذریعے بھجوایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق نوٹس میں جوڑے سے دھنوش اور اُن کے والد نے اس حوالے سے پریس سٹیٹمنٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے، قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جوڑا تمام جھوٹے الزامات پر معافی مانگے، اگر ایسا نہ کیا تو 10 کروڑ ہتک عزت کے مقدمے کے سامنے کے لیے تیار رہے۔
رپورٹ کے مطابق نوٹس میں وکیل کی طرف سے صاف الفاظ میں تحریر ہے کہ میرے موکل کے دونوں مطالبات تسلیم کیے جائیں اور اُن پر جھوٹے، ناقابل برداشت اور ہتک آمیز الزامات لگانے سے باز رہا جائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نوٹس میں جوڑے سے کہا گیا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو میرے موکل عدالت سے رجوع کرنے کا حق استعمال کرنے پر مجبور ہوں گے۔دھنوش کے کئی پروجیکٹ لائن اپ میں موجود ہیں، جن میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم اور ہالی ووڈ فلم بھی شامل ہیں، وہ آخری بار تامل ایکشن فلم مارن میں نظر آئے ہیں۔