گزشتہ رات آنے والی آندھی اور بارش سے لاہور کا موسم خوشگوار

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن) گزشتہ رات آنے والی آندھی اور ہلکی بارش سے لاہور کا موسم خوشگوار ہو گیا، بادلوں نے گزشتہ رات سے ہی شہر پر اپنا سایہ کر رکھا ہے ، علی الصبح چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں کے باعث صبح کے وقت موسم انتہائی دلفریب تھا۔
صبح کے اوقات میں ٹھنڈی ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں واضح کمی دیکھی گئی ، مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش بھی ہوئی ، فیروز پور روڈ ، کینال روڈ ، جیل روڈ ، جوڑے پل،صدر، دھرم پورہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ، اس پھسلن کے باعث موٹر سائیکلیں گرنے کے واقعات بھی سامنے آئے ۔ادھر درجہ حرارت میں کمی اورموسم خوشگوار ہونےکااثرشہریوں کے موڈ پربھی نظرآیا۔
نجی ٹی وی 92 نیوز کے مطابق اوکاڑہ میں ژالہ باری ہوئی جبکہ رینالہ خورد میں موسلادھاربارش سےگلیوں میں پانی جمع ہو گیا ۔ بصیر پور میں آندھی کے ساتھ بارش ہوئی جس سے شہر کے درمیان میں سے گزرنے والی نہر سے پانی باہر نکل کر ملحقہ آبادیوں تک پہنچ گیا۔
ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے میں لاہور ، گوجرانوالہ ، قصور ، اوکاڑہ فیصل آباد ، سرگودھا ، گجرات ،منڈی بہاء الدین سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے ۔