ایرانی پاسداران انقلاب کے اعلیٰ عہدیدار پر تہران میں قاتلانہ حملہ

ایرانی پاسداران انقلاب کے اعلیٰ عہدیدار پر تہران میں قاتلانہ حملہ
ایرانی پاسداران انقلاب کے اعلیٰ عہدیدار پر تہران میں قاتلانہ حملہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے ایک کرنل کو دارالحکومت تہران میں دو موٹرسائیکل سواروں نے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب کی طرف سے جاری ایک بیان میں مقتول کی شناخت ’سید خدائی‘ کے نام سے بتائی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سید خدائی کو انقلاب مخالف گروپ اور عالمی طاغوتی طاقتوں کے ایجنٹوں نے قتل کیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق کرنل سید خدائی کے قتل کا واقعہ شام چار بجے کے قریب پیش آیا۔ ان پر محی الدین اسلام سٹریٹ میں واقع ان کے گھر کے قریب حملہ کیا گیا اورپانچ گولیاں ماری گئیں۔ ایران کی’ اسلامک ری پبلک نیوز ایجنسی‘(آئی آر این اے)نے اپنی رپورٹ میں مقتول کو ’مدافع حرم(مزار کا محافظ)‘ کہہ کر پکارا ہے۔ایران میں ’مدافعان حرم‘کی اصطلاح پاسداران انقلاب کے ان اہلکاروں اور افسران کے لیے استعمال کی جاتی ہے جو عراق اور شام میں وہاں کی افواج کے شانہ بشانہ لڑنے کے لیے بھیجے جاتے ہیں۔
یہ لوگ شام و عراق میں اہل تشیع افراد اور مقامات مقدسہ کی حفاظت بھی کرتے ہیں۔پاسداران انقلاب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واردات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور جلد قاتلوں کی شناخت کر لی جائے گی۔ایک اور بیان میں پاسداران انقلاب اور وزارت انٹیلی جنس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد سے وابستہ ایک ٹیم کو بھی حراست میں لیا ہے۔