ایران میں 10 منزلہ رہائشی عمارت گر گئی، 5 افراد ہلاک ، 80 ملبے میں پھنس گئے

تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن) پڑوسی ملک ایران میں ایک رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں 80 کے قریب افراد اب بھی پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عمارت گرنے کا واقعہ عراق ایران سرحد کے قریب واقع شہر ابادان میں پیش آیا۔ ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق دیگر شہروں سے بھی ریسکیو ٹیموں کو روانہ کردیا گیا ہے، ریسکیو آپریشن میں سات گاڑیاں، ریسکیو کتوں کی دو ٹیمیں اور ایک ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقامی شہری انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔ حکام نے عمارت کے مالک اور اس کی تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ واقعے کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔