وحید مرادکی 30ویں برسی آج منائی جائے گی

وحید مرادکی 30ویں برسی آج منائی جائے گی

  

لاہور(فلم رپورٹر) ستارہ امتیاز ، پرائیڈ آف پرفارمنس ، لالی ووڈ کے لیجنڈ اور پاکستان فلم انڈسٹری کے چاکلیٹ ہیرو وحید مرادکی 30ویں برسی آج منائی جائے گی۔ اس موقع پر وحید مراد لورز لاہورپریس کلب سمیت مختلف شہروں میں خصوصی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا جائےگا جن میں مرحوم کی بیوہ سلمیٰ وحید مراد اور بیٹے عامر مراد سمیت ان کے پرستاروں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ اس موقع پر مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی ، فاتحہ خوانی اور دیگر تقریبات کا بھی اہتمام کیا جائےگا جبکہ مختلف نگار خانوں میں منعقدہ تقریبات میں وحید مراد کی پاکستان کی فلم انڈسٹری کیلئے خدمات کو خراج عقیدت بھی پیش کیا جائے گا۔ اولاد ، انسان بدلتا ہے، جب سے تمہیں دیکھا ہے ، بہارو پھول برساﺅ، مستانہ ماہی،ناگ منی، ثریا بھوپالی، دیو ربھابھی، انجمن ، سالگرہ ، ارمان، ہیرا اور پتھر، عندلیب، مستانہ ، ہیرو،دل میرا دھڑکن تیری سمیت170سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے اور زیبا ، دیبا، رانی،صاعقہ، ریشم و دیگر مقبول ترین ہیروئنوں کے ساتھ تمام فلموں کو باکس آفس پر کامیاب بنانے والے اداکار وحید مراد 2اکتوبر 1938ءکو کراچی میں معروف فلم ڈسٹری بیوٹر نثار مراد کے گھر پیدا ہوئے۔ پاکستان فلم انڈسٹری کے رومانٹک اور سٹائلش ہیرو کے طور پر پہچانے جانے والے اداکار وحید مراد نے ایس ایم یوسف کی فلم اولاد سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیااور بہت جلد کروڑوں لوگوں کے دلوں پر حکمرانی کرنے لگے ۔ انکا ہیئر سٹائل نوجوانوں میں بے پناہ مقبول ہوا۔ برصغیر میں دلیپ کمار کے بعد وحید مراد واحد فلمی ہیرو تھے جن کے ہیئر سٹائل کو سب سے زیادہ نوجوان نسل نے کاپی کیا ۔ انہوںنے بطور فلم مصنف اور فلم ساز بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ وحید مراد کی آخری فلم ہیرو تھی۔ وحید مراد 23نومبر 1983ءکو 45 برس کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال پا گئے ۔ وحید مراد لورز ایسوسی ایشن کے ترجمان زوار کامریڈ نے ”پاکستان“ کو بتایاکہ مرحوم کی برسی پر خصوصی تقریبات منعقد کرنے کے علاوہ ان کی تصاویر کے آگے پھول بھی رکھے جائیں گے اور بھر پور عقیدت و محبت کا اظہار بھی کیا جائےگا۔آج اس موقع پر الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پروگرامات نشر اور پرنٹ میڈیا بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کرے گا۔

مزید :

کلچر -