ورلڈ ٹی ٹونٹی کوالیفائر،متحدہ عرب امارات نے کینیڈا کو شکست دےدی

ورلڈ ٹی ٹونٹی کوالیفائر،متحدہ عرب امارات نے کینیڈا کو شکست دےدی

  

ابوظہبی (اے پی پی) آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کوالیفائر میں متحدہ عرب امارات نے کینیڈا کو شکست دے کر چوتھی کامیابی حاصل کر لی۔ سکاٹ لینڈ نے ہالینڈ کو ہرا دیا۔ ڈنمارک اور پاپوا نیو گنی کی ٹیموں کے درمیان میچ بارش کی نذر ہو گیا۔ متحدہ عرب امارات میں جاری کوالیفائر ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں متحدہ عرب امارت کی ٹیم نے کینیڈا کو 36 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں چوتھی کامیابی سمیٹی۔ متحدہ عرب امارات نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 159 رنز بنائے۔ محمد اعظم 36 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ ہرویر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں کینیڈا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم آخری اوور کی 5 ویں گیند پر 123 پر ڈھیر ہو گئی۔ اشیش بیگی 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ناصر عزیز نے 3 اور منجولا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک اور میچ میں سکاٹ لینڈ نے ہالینڈ کو 15 رنز سے ہرا کر تیسری کامیابی حاصل کی۔ میٹ میکہان کی 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت سکاٹ لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 165 رنز بنائے۔

ہالینڈ کی ٹیم نے ہدف حاصل کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم سکاٹ لینڈ کے باﺅلرز نے اسے کامیاب نہ ہونے دیا اور ہالینڈ کو مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر 150 رنز محدود رکھا۔ ویسلے بریسی کی 70 رنز کی ناٹ آﺅٹ اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ ماجد حق نے تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -