سرکس کے شیروں کی وجہ سے عوام پس گئی ، دھاندلی کی تحقیقات ہوئیں تو نوازحکومت چلی جائے گی: شیخ رشید

سرکس کے شیروں کی وجہ سے عوام پس گئی ، دھاندلی کی تحقیقات ہوئیں تو نوازحکومت ...
سرکس کے شیروں کی وجہ سے عوام پس گئی ، دھاندلی کی تحقیقات ہوئیں تو نوازحکومت چلی جائے گی: شیخ رشید

  

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ سرکس کے شیروں کی وجہ سے عوام پس کررہ گئی ہے ، شیرنے دال ، چاول اور سبزی نہیں کھانی ، نوازشریف کا ایجنڈااقتدارکو طول دیناہے جومہینے کے 28دن بیرون ملک رہتے ہیں ، چندلٹیرے خاندان ملک پر مسلط ہیں لیکن اگر انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات ہوئیں تو نواز شریف کی حکومت زمین بوس ہوجائے گی ۔ رنگ روڈ پر نیٹوسپلائی کے خلاف تحریک انصاف کے جلسے اور دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کاکہناتھاکہ سرکس کے شیرکی حکومت ہوتو عوام پس کررہ جاتی ہے ، شیردال چاول اور سبزی نہیں کھاتااور نہ ہی شیرکو بجلی کی ضرورت ہوتی ہے ، نواز شریف کو پتہ ہی نہیں کہ ملک میں کیاچل رہاہے ، عوام کس حال میں ہیں اور ٹماٹر کس دام سے ملتاہے کیونکہ وہ مہینے کے 30دنوں میں سے 28دن بیرون ملک رہتے ہیں ۔اُنہوں نے کہاکہ چند لٹیرے خاندان پاکستان پر مسلط ہیں جن کا کام لوٹ مارکرکے بھاگناہے ، غریب عوام کو صنعت کار حکمرانوں نے دیوار کے ساتھ لگارکھاہے۔شیخ رشیدکاکہناتھاکہ خاندانی جمہوریت سے حقیقی جمہوریت کو خدشہ ہے ، موروثی حکومتوں نے عوام کا جیناعذاب کردیاہے ۔اُنہوں نے کہاکہ نوازشریف کاایجنڈااپنی حکومت کو طول دیناہے اور وہ اُس پر تیزی سے عمل پیراہیں اور اپنے غیرملکی آقاﺅں کو خوش کررہے ہیں ۔ شیخ رشید احمد نے حکو مت کے خلاف شدید نعرہ بازی کراتے ہوئے کہاکہ دھاندلیوں کی تحقیقات تاحال نہیں ہوسکیں ، اگرتحقیقات ہوجائیں تو نواز شریف کی حکومت زمین بوس ہوجائے گی۔

مزید :

پشاور -اہم خبریں -