تحریک انصاف کا نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان، وقت آ گیا ہے کہ ایک قوم بنیں: عمران خان

تحریک انصاف کا نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان، ...

تحریک انصاف کی حکومت شہید نہیں غازی بننے جا رہی ہے: چیئرمین

تحریک انصاف کا نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان، وقت آ گیا ہے کہ ایک قوم بنیں: عمران خان

  

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نیٹو سپلائی روکنے اور ڈرون حملوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کا اعلان کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت شہید نہیں غازی بننے جا رہی ہے، حکومت جاتی ہے تو جائے ہم اصولوں پر کھڑے رہیں گے، وقت آ گیا ہے کہ اب ہم ایک قوم بنیں، وزیراعظم نواز شریف دورہ امریکہ کے دوران اوباما سے کم از کم ڈرون حملے بند کرنے کا وعدہ لیتے، جب تک ڈرون جاری رہیں گے پاکستان میں امن نہیں ہو گا۔ پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو وزیراعظم بنایا اور ان پر اعتماد کیا لیکن انہوں نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی اور اعتماد پر پورا نہیں اترے، نواز شریف اوباما سے کم از کم ڈرون حملے نہ کرنے کا وعدہ لیتے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت شہید نہیں غازی بننے والی ہے اور اگر اصول پر ہماری حکومت گئی تو دوبارہ الیکشن کرائیں گے اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ سے نیٹو سپلائی نہیں گزرنے دیں گے، تحریک انصاف کے نوجوان کارکن نیٹو سپلائی روکیں گے، ہم امریکہ کی جنگ سے تنگ آ گئے ہیں، قبائلی علاقوں میں ہر گھر میں بچے یتیم ہو گئے، فاٹا میں پانچ لاکھ لوگوں کی زندگی تباہ ہو گئی ہے، سلالہ چیک پوسٹ پر پاکستانی فوجی شہید کئے گئے، ہماری فوج کو اپنے ہی لوگوں سے لڑایا گیا اور امریکہ پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کرتا رہا جبکہ امریکہ سے دوستی کا یہ صلہ ملا کہ پاکستان کو خطرناک ملک قرار دیا جاتا ہے، قوم امن کیلئے ترس گئی ہے، وزیراعظم کے ساتھ کھڑے رہے مگر وہ اعتماد پر پورا نہیں اتر سکے، ڈرون حملے بند ہونے تک پاکستان میں امن نہیں ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ایک قوم بنیں اور قوم تب بنیں گے جب ملک میں انصاف آئے گا، جو قوم اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہوتی کوئی ان کی عزت نہیں کرتا، کون سی قوم اپنے ملک میں ڈرون حملوں کی اجازت دیتی ہے۔ عام انتخابات کے وقت ہم نے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان میں امن لے کر آئیں گے، کرپشن ختم کریں گے، کچھ بھی ہو جائے عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کریں گے، اپنے ہی کرپٹ وزیروں کو کرپشن ثابت ہونے پر باہر نکال دیا ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔

مزید :

پشاور -اہم خبریں -