سفارتی محاذ پر مودی کو اہم ترین کامیابی مل گئی
نیودہلی(نیوز ڈیسک)امریکی صدر باراک اوباما نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی بھارتی دورے کی دعوت قبول کر لی ہے اور بھارتی حکومت اور میڈیا اس اعزاز پر پھولے نہیں سما رہے ۔
کل (بروز جمعہ)نریندر مودی نے ٹویٹر پر پیغام دیا کہ انہوں نے بھارت کے یوم جمہوریہ پر امریکی صدر کو بطور مہمان خصوصی دعوت دی ہے ۔اس کے جواب میں امریکی وائٹ ہاﺅس کی طرف سے بھی ٹویٹر ہی پر پیغا م دیا گیا کہ امریکی صدر جنوری 2015میں بھارتی یوم جمہوریہ میں مہمان خصوصی ہونگے ۔بھارتی میڈیا اس پیش رفت کو بھارت او ر بالخصوص وزیراعظم مودی کی عظیم کامیابی قرار دے رہاہے اور یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے دوران سٹرٹیجک پارٹنر شپ مضبوط ہو گی۔
یہ پیش رفت اس تنا ظر میں مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے کہ پچھلی ایک دہائی تک امریکہ نریندر مودی کو ویزہ دینے سے انکاری رہا ہے ۔حال ہی میں چینی صدر اورجاپانی وزیراعظم بھی بھارت کا دورہ کر چکے ہیں جبکہ امریکی صدر کی آمد سے پہلے نریندرمودی روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی میزبانی بھی کر چکے ہوں گے۔