ایشین بیچ گیمز مینز ہینڈ بال میں پاکستان نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

ایشین بیچ گیمز مینز ہینڈ بال میں پاکستان نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

  

بنکاک (سپورٹس ڈےسک) چوتھے ایشین بیچ گیمز مینز ہینڈبال ایونٹ میں قطر نے طلائی اور پاکستان نے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ تھائی لینڈ میں جاری گیمز میں مینز ہینڈ بال ایونٹ کے فائنل میں قطر کا مقابلہ عمان سے تھا، قطر نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے عمان کو 2-0 سیٹس سے ہرا کر طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پہلے سیٹ میں قطر نے عمان کو 17-16 اور دوسرے سیٹ میں 16-14 سے کامیابی حاصل کی۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان کا مقابلہ بحرین سے تھا، پاکستان نے بحرین کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1 سیٹس سے ہرا کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ گرین شرٹس نے بحرین کو پہلے سیٹ میں 24-13 سے ہرایا، بحرین نے دوسرے سیٹ میں پاکستان کو 12-11 سے ہرا کر مقابلہ برابر کر دیا، فیصلہ کن سیٹ میں پاکستان نے بحرین کو 5-2 سے شکست دے دی۔ ویمنز ہینڈبال ایونٹ میں تھائی لینڈ نے طلائی تمغہ جیت لیا۔ ویتنام نے چین کو ہرا کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ تھائی لینڈ میں منعقدہ ویمنز ہینڈبال ایونٹ کے فائنل میں تھائی لینڈ نے چائنیزتائپے کو 2-0 سیٹس سے زیر کر کے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -