قائد اعظم ٹرافی گولڈ لیگ ، سوئی گیس کی ٹیم 51 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست

قائد اعظم ٹرافی گولڈ لیگ ، سوئی گیس کی ٹیم 51 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست

  

اسلام آبا د (اے پی پی) قائد اعظم کرکٹ ٹرافی گولڈ لیگ 2014-15ءمیں سات مرحلے ختم ہونے کے بعد سوئی گیس کی ٹیم 51 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ پورٹ قاسم دوسرے اور نیشنل بینک کی ٹیم تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں جاری قائد اعظم ٹرافی گولڈ لیگ میں ٹیموں کے درمیان دلچسپ و سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، سوئی گیس کی ٹیم 7 میں سے 6 میچ جیت کر 51 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے، پورٹ قاسم اتھارٹی 7 میں سے 5 میچ جیت کر 44 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور نیشنل بینک کی ٹیم 7 میں سے 4 میچ جیت کر تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ لاہور لائنز اور ٹائیگرز کی ٹیمیں ایونٹ میں اب تک ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔قائد اعظم کرکٹ ٹرافی گولڈ لیگ 2014-15ءکے آٹھویں مرحلے کا آغاز کل ملک کے مختلف شہروں میں ایک ساتھ ہو گا۔ لاہور سٹی گراﺅنڈ میں کراچی ڈولفنز اور لاہور لائنز، ڈائمنڈ کلب گراﺅنڈ اسلام آباد میں نیشنل بینک آف پاکستان اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور میں پشاور پینتھرز اور اسلام آباد لیپرڈز، راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں راولپنڈی ریمز اور ملتان ٹائیگرز، قذافی سٹیڈیم لاہور میں واپڈا اور پورٹ قاسم اتھارٹی، مرغزار سٹیڈیم اسلام آباد میں زیڈ ٹی بی ایل اور ایس این جی پی ایل کی ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہو گا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -