احتجاج اور دھرنوں کی سیاست سے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان ہورہا ہے، اعجاز اے ممتاز

احتجاج اور دھرنوں کی سیاست سے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان ہورہا ہے، اعجاز اے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے نجی شعبے سے مل کر کام کریں لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز، سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر اور نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام، احتجاج اور دھرنوں کی سیاست سے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان ہورہا ہے ملک اس وقت تاریخ کے ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے، اسے سیاسی استحکام اور بہترین اقتصادی پالیسی کی اشد ضرورت ہے جو سیاسی جماعتوں کے بہترین کردار کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خودانحصاری کے حصول کے لیے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک جیسے اداروں سے دامن چھڑانا بہت ضروری ہے۔ تمام سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر ایک مشترکہ معاشی ایجنڈا تیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں مزید کسی تاخیر کے بغیر چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر تجارتی تنظیموں کے ساتھ مشاورت کا آغاز کریں تاکہ معاشی ترقی کے اہداف جلد حاصل کیے جاسکیں۔ حکومت کو چاہیے کہ غیرملکی
قرضوں پر انحصار کم کرے اور ملکی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران نے صنعتی شعبے کو بُری طرح نقصان پہنچایا ہے جس پر قابو نے کے لیے سستے ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھانا ہوگی۔
 انہوں نے کہا کہ حکومت کالاباغ ڈیم تعمیر کرنے کے لیے چاروں صوبوں میں اتفاق رائے پیدا کرے تاکہ وافر سستی بجلی پیدا کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرے اور انہیں سہولیات دے جس سے غیرملکی سرمایہ کار بھی سرمایہ کاری کی جانب راغب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملک تمام وسائل اور معدنیات سے مالامال ہے۔ اگر باقاعدہ منصوبہ بندی کی جائے تو ان سے فائدہ اٹھاکر ملک کو معاشی طور پر مضبوط کیا جاسکتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مسائل بڑھتے جارہے ہیں جن سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنا بہترین کردار ادا کریں۔