چین نائیجیریا میں 12 ارب ڈالر سے ریلوے نظام قائم کریگا
بیجنگ(اے پی پی) چین کی ایک حکومتی ملکیتی کمپنی نے نائیجیریا میں 12 ارب ڈالر کی لاگت سے ریلوے نظام قائم کرنے کے منصوبے پر دستخط کردیئے۔ یہ بیرونی دنیا میں چین کی کسی ایک پراجیکٹ میں سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔ چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن کے حکام نے ابوجا میں نائیجیریا کے حکام کے ساتھ مل کر ریلوے کے اس منصوبے پر دستخط کئے۔ اس منصوبے کے تحت 1402 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک بچھائی جائے گی جس سے لاگوس کو مشرق میں کیلابار کے علاقے سے ملایا جائے گا۔ چینی میڈیا کے مطابق یہ چین کی جانب سے بیرونی دنیا میں کسی ایک منصوبے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔ چائنہ ریلوے کارپوریشن کے چیئرمین منگ فن چاﺅ نے بتایا کہ ریلوے نظام کے قیام میں چین کی اعلیٰ ترین ٹیکنالوجی کو مدنظر رکھا جائے گا جبکہ اس ضمن میں 4 ارب ڈالر مالیت کی تعمیراتی مشینری، ٹرین اور سٹیل کی مصنوعات بھی برآمد کی جائیں گی۔ منصوبے کے تحت تعمیراتی عرصے میں 2 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوں گی جبکہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد 30 ہزار مستقل ملازمین کا تقرر کیا جائے گا۔