گجر پورہ ، 20 سالہ لاپتہ نوجوان کا سراغ نہ مل سکا

گجر پورہ ، 20 سالہ لاپتہ نوجوان کا سراغ نہ مل سکا

  

                   لاہور(کرائم سیل)تھانہ گجر پورہ کی حدود سے لاپتہ ہونے والے 20سالہ نوجوان کا تاحال پتہ نہ چل سکا۔لواحقین ڈیڈ ہاﺅس اور ہسپتالوں کے چکر لگانے پر مجبور ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق 20سالہ محمد انور دو روز قبل گھر سے سامان لینے نکلا تھا،اہل خانہ کوشبہ ہے کہ اسے اغوا کر لیا گےاہے۔نمائندہ" پاکستان" سے گفتگو کرتے ہوئے محمد انور کے والد محمد امتیاز اور اس کے بھائیوں ارشد اور امجد نے بتایا کہ وہ گجر پوررہ چائنہ سکیم گلی نمبر 5 حسین پارک کے رہائشی ہیں ۔دو روز قبل محمد انور گھر سے سامان لینے کے لیے گیا تھا اور واپس نہیں آیا،چند گھنٹوں کے بعد ہمیں تشویش ہوئی جس پر ہم نے اس کے نمبر پر فون کیا لیکن وہ بند جا رہا تھا ۔ہم نے اس کے دوستوں اور رشتہ داروں کے گھروں میں پتہ کیا لیکن اس کا کچھ پتہ تاحال نہیں چل سکا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے اس حوالے سے شہر بھر کے ہسپتالوں اور مردہ خانوں میں بھی پتہ کر لیا ہے لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ،ہمیں شک ہے کہ اس کو کسی نے اغوا کر لیا ہے۔تھانہ میں ابھی تک رپورٹ درج نہیں ہو سکی کیونکہ گجر پورہ کے پولیس اہلکار ہمیں یہ کہہ کر ٹرخا دیتے ہیں کہ پہلے تمام جاننے والوں سے معلومات حاصل کر لیں جبکہ ہم ہسپتالوں کے چکر لگا لگا کے تنگ آ گئے ہیں۔ اس حوالے سے تھانہ گجر پورہ میں رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ایسی کوئی درخواست ابھی تک درج نہیں ہو ئی ہے۔

مزید :

علاقائی -