تانگہ پارٹی کو بہاولپور میں بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا،زعیم قادری

تانگہ پارٹی کو بہاولپور میں بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا،زعیم قادری

  

لاہور(خصوصی رپورٹ)مسلم لیگ (ن)کے رہنمازعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ پرویزالٰہی کی بہاولپور میں تقریر ان کے ذہنی دیوالیہ پن اور مایوسی کی عکاس تھی۔ انہیں بخوبی علم ہے کہ ان کی سیاست قصہ پارینہ بن چکی ہے۔ وہ جس قدر مرضی واویلا کر لیں‘ لوٹ مار اور کرپشن کا دور واپس نہیں آ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تانگہ پارٹی کو عام انتخابات میں بدترین شکست کے بعد دوبارہ بہاولپور میں بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جہاں چند ہزار لوگوں کے اجتماع سے ق لیگ کی مقبولیت کا بھانڈا پھوٹ گیا۔ق لیگ نعروں کے ذریعے عوام کو دوبارہ دھوکہ نہیں دے سکتی۔ زعیم حسین قادری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی کارکردگی کا نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر برملا اعتراف کیا جاتا ہے۔ عوام جانتے ہیں کہ محمد شہبازشریف شفافیت اور میرٹ جبکہ پرویزالٰہی کرپشن اور لوٹ مار کی پہچان ہیں۔ اس طرح درحقیقت وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی کارکردگی سے موازنہ کرنے والے چوہدری برادران سورج کو چراغ دکھانا چاہتے ہیں۔ سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ اگر پرویزالٰہی کے دل میں کالاباغ ڈیم کی تعمیر سمیت پنجاب کی بہتری کے لئے دیگر منصوبوں کی تڑپ تھی تو انہیں بتانا چاہیے کہ وہ اپنے دوراقتدار کے پانچ برسوں میں ان پر کیوں عملدرآمد نہیں کر سکے؟ ۔

مزید :

صفحہ اول -