پنجاب حکومت کا محکمہ جیل خانہ جات کیلئے الگ ٹریننگ سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا محکمہ جیل خانہ جات کیلئے الگ ٹریننگ سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ ...

  

                            لاہور (شہبا زاکمل جندران//انوسٹی گیشن سیل) پنجا ب حکومت ،محکمہ جیل خانہ جات کے لیے الگ ٹریننگ سنٹر قائم کریگی۔ نئے تربیتی مرکز میں محکمہ جیل خانہ جات پنجاب میں بھرتی ہونے والے تمام ریکروٹس کے علاوہ دیگر صوبوں سے جیل خانہ جات کے ملازمین کو بھی مناسب معاوضے کے عوض ایلیٹ ٹریننگ دی جائیگی۔ معلوم ہوا ہے کہ محکمہ جیل خانہ جات پنجاب میں بھرتی ہونے والے نئے ریکروٹس کو ایلیٹ ٹریننگ سکول بیدیاںروڈ کے علاوہ پولیس ٹریننگ سکول چوہنگ ،نیشنل اکیڈمی فار پریزنز ایڈمنسٹریشن ، پنجاب پریزنز ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اور اٹک میں واقع حساس ادارے کے تربیتی مرکز سے تربیت دلوائی جاتی ہے۔ جس سے ایک طرف محکمہ جیل خانہ جات کو ان تربیتی مراکز کو ریکروٹس کی تربیت کے عوض بھاری معاوضہ دیا جاتا ہے۔اور دوسری طرف محکمے کے ملازمین مختلف تربیتی مراکز سے تربیت حاصل کرنے کے بعد یکساں مہارت اور تربیت کے حامل نہیں ہوتے بلکہ ان کی مہارت اور قابلیت میں بھی فرق پایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ جیل خانہ جات کی انتظامیہ نے انہی مسائل کے پیش نظر پنجاب حکومت سے درخواست کررکھی ہے کہ صوبے میں انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب کے زیر کنٹرول جیل خانہ جات کے ملازمین کے لیے الگ سے تربیتی مرکز قائم کیا جائے۔جہاں نہ صرف جیل خانہ جات پنجاب میں بھرتی ہونے والے ریکروٹس کو تربیت دی جاسکے ۔ بلکہ دیگر صوبوں سے بھی جیل خانہ جات کے ملازمین کو مناسب معاوضے کے عوض تربیت دی جاسکے۔بتایا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے محکمے کے اس مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے جیل خانہ جات کے لیے الگ سے تربتی مرکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کا کہناہے محکمہ جیل خانہ جات کے لیے الگ تربیتی مرکز ہونا چاہیے ۔ان کا کہناتھا کہ جیل پولیس کے ملازمین کو مختلف تربیتی مراکز میں بھیجا جاتا ہے۔ اور اکثر اوقات ان تربیتی مراکز میں جگہ کی کمی کے باعث بہت سے ریکروٹس کی تربیت تاخیر کا شکار ہوجاتی ہے۔ جس کی وجہ سے وہ اپنے فرائض کو حقیقی معنوں میں انجام دینے سے قاصر ہوتے ہیں۔ان کا کہناتھا کہ محکمے کے اپنے تربیتی مرکز کے لیے جگہ کی تلا ش جاری ہے۔ نئے تربیتی مرکز سے محکمے کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

مزید :

صفحہ آخر -