کشمیر کو پاکستان کی محبت نہیں ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے کشمیریوں کے آنسو پونچھنے آیا ہوں مودی

کشمیر کو پاکستان کی محبت نہیں ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے کشمیریوں کے آنسو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 نئی دہلی / کشتواڑ(آئی این پی) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کشمیر کو پاکستان کی محبت کی نہیں بلکہ ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے ،کشمیریوں کے آنسو پونچھنے کیلئے آیا ہوں،50 سال سے 2 خاندانوں نے کشمیر کو یرغمال بنائے رکھااور دونوں مل کر اسے لوٹتے رہے ،بی جے پی تمام ناانصافیوں کا ازالہ کرے گی،کشمیری نوجوانوں کو نوکریاں چاہیں ،کرپشن کا خاتمہ کرونگا،لوگ حیران ہیں کہ مجھے جموں وکشمیر اتنا پسند کیوں ہے ، کشمیر کو دنیا میں آخری سیاحتی مقام بنا کر رہوں گا۔ہفتہ کو بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر موودی نے مقبوضہ کشمیر کے دورے کے دوران کشتواڑ میں بی جے پی کی انتخابی ریلی سے خطاب کیا ۔اس سے قبل مودی جموں ائیرپورٹ پر اترنے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے کشتواڑ پہنچے تھے اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کے گئے تھے ۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی کا کہنا تھاکہ میں کشمیریوں کے آنسو پونچھنے کے لیے یہاںآیا ہوں۔لوگ حیران ہیں کہ مجھے جموں وکشمیر اتنا پسند کیوں ہے ،میں یہاں اس لیے آیا ہوں تاکہ جو منصوبے اٹل بہاری واجپائی نے شروع کیے انھیں جاری رکھ سکوں ۔انھوں نے کہاکہ کشمیر کو پاکستان کی محبت کی نہیں بلکہ ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے،یہاں کے نوجوان نوکریاں چاہتے ہیں۔مودی کا کہنا تھا کہمیں جب بھی کشمیر آتا ہوں میں یہاں کی ترقی کی بات کرتا ہوں ۔اگر گجرات ترقی کرسکتا ہے تو کشمیر بھی کبھی پیچھے نہیں رہے گا۔مودی کا کہنا تھا کہ کیا کشمیر میں صرف دو خاندان حکمرانی کرتے رہیں گے ؟ان خاندانوں کا آپس میں گٹھ جوڑ ہے جنھوں نے 50 سال سے زائد عرصے تک جموں وکشمیر کو یرغمال بنائے رکھا۔ایک نے پانچ سال حکمرانی کی پھر دوسرا آگیا ۔دونوں کے درمیان کشمیر کو پانچ سال تک لوٹنے کا معاہد ہ ہوا ہے ۔اگر آپ لوگ ان دونوں خاندانوں کو سزا نہیں دو گے تو یہ واپس آجائیں گے ۔مود ی نے حالیہ سیلاب کے باعث تبائی پر عمر عبداللہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔بھارتی وزیراعظم نے بالی ووڈ کو کشمیر تک واپس لانے کا وعدہ کیااور کہا کہ میں بالی ووڈ کو کشمیر تک واپس لے کرآؤں گا۔ دنیا میں سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی صنعت سیاحت کی صنعت ہے ، میں خطے میں سیاحت کو واپس لے کر آؤں گااور جموں کشمیر کو دنیا میں آخری سیاحتی مقام بنا کر رہو ں گا۔مودی نے لوگوں سے کہاکہ وہ الیکشن میں بی جے پی کے امیدوار کو ووٹ ڈالیں ۔بی جے پی کشمیریوں کے ساتھ ہونے والی تمام ناانصافیوں کا ازالہ کرے گی۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورے کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں حریت کانفرنس کی کال پر شٹرڈاؤن ہڑتا ل کی گئی اس موقع پر وادی میں تمام کاروباری مراکز،سکول اور دفاتر بند رہے ۔ حریت رہنماؤں کی طرف سے نام نہاد الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کرنے اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال پر مقبوضہ وادی میں ہڑتال کی گئی تھی۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں ان دنوں انتخابات کا ماحول ہے جہاں25 نومبر اور20 دسمبر کے درمیان پانچ مرحلوں میں پولنگ ہوگی لیکن کشمیری عوام سیلاب کی تباہ حالی کا شکار ہیں اور بھارتی انتظامیہ نے کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا۔ کسی کی گھر کی چھت گر چکی ہے تو کسی کو سر چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی۔ کہیں کھڑکی، دروازے مٹی میں مل چکے ہیں اور کہیں محنت سے بنایا گیا گھر ملبے میں تبدیل ہوچکا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -