پاکستان کو بیرونی دشمن سے نہیں بلکہ اس ظالم نظام سے زیادہ خطرہ ہے:سراج الحق
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم کشمیرکو ہندستان کے ظلم سے آزاد کروائیں گے،ہم اس ظالم نظام کو نست ونابود کر دیں گے ، پاکستان کو بیرونی دشمن سے زیادہ خطرہ اس ظالم نظام سے ہے ،میں یہ پوچھنا چاہتاہوں کہ ریمنڈ ڈیوس کو کس قانون کے تحت چھوڑا گیا ڈاکٹر عافیہ کوبھی اسی قانون سے واپس لایا جائے ،حکمرانوں تمھارے محل تو بن گئے لیکن غریبوں کے گھروں میں غربت ناچتی ہے ،غربت سے تنگ مائیں بچوں کو اپنے ہاتھوں موت دے دیتی ہیں۔سراج الحق نے اجتماع عام کے آخری روز شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں شرمندہ ہو ں کہ میرے مہمانوں کو جو سہولیات ملنی چاہیے تھیں وہ میں نہیں دے سکا لیکن دور دراز سے آئےوالے پچے اور بچیوں نے مجھے تسلی دی کہ ہم یہاں کھانے یا پینے نہیں آئے بلکہ اللہ کے ساتھ جنت کا سودا کرنے کے لیے آئے ہیں ،اس سے میرے دل کو سکون ملا ،مجھے خوشی ہے کہ میں نے مشکلات کے باوجود بھی شرکاءمیں جوش اور جذبے کے علاوہ بھی کچھ نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کرنے والوں کو سزا نہیں ملتی،کسی پارٹی کی بھی حکومت ہو یہ ایک دوسرے کے گناہوں پر پردہ ڈالتے ہیں کسی کا احتساب نہیں کیا جاتا،انشااللہ اسلامی حکومت قائم ہو گی توہر ایک کا احتساب ہو گا۔ پاکستان کو بیرونی دشمن سے زیادہ خطرہ اس ظالم نظام سے ہے جس سے پاکستا ن کا ہر بچہ خوفزدہ ہے ،لوگ اسلام آبادکے ظالمانہ نظام سے تنگ آچکے ہیں،میں یہ سمجھتا ہوں کہ ظالم طبقہ اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتا ۔حکمرانوں تمھارے محل تو بن گئے لیکن غریبوں کے گھروں میں غربت ناچتی ہے ,ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں مسلہ صرف قیادت کا ہے۔
سراج الحق نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ اس ظالمانا نظام کی وجہ سے بنگلہ دیش ہم سے الگ ہوا ،ہم اس نظام کو نست و نابود کر دیں گے ،یہ منافقت اب مزید نہیں چل سکتی ہم پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانا چاہتے ہیں،آپ لوگوں کو مدینہ اورامریکا میں سے کسی کا ایک انتخاب کرنا پڑے گا،چوروں کو ووٹ دیں گے تو کرپشن کیسے ختم ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم بنجر زمین کو آبادکرنے،منگائی ،اور کرپشن کیخلاف جہاد کریں گے،ہمیں ایسے حکمران چاہیے جو ہر وقت عوام کی خدمت کے لیے تیار ہوں ایسے نہیں جو دانا یہاں چگتے ہیں اورانڈے کہیں اور دیتے ہیں ، آپ کو اطمینان دلاتا ہوں کہ جماعت اسلامی آپ کیساتھ ہے ،اگر کسی نے غریب پر ظلم کیا گیا تو میں خود اس کے گریبان پر ہاتھ ڈالوں گا ،جماعت اسلامی عدل وانصاف کے نظام پر ایمان رکھتی ہے ۔
امریکا نے ایک ڈاکٹر عافیہ نہیں بلکہ اٹھارہ کروڑ عوام کو اغوا کیا ہے ،میں یہ پوچھنا چاہتاہوں کہ ریمنڈ ڈیوس کو کس قانون کے تحت چھوڑا گیا ڈاکٹر عافیہ کوبھی اسی قانون سے واپس لایا جائے ۔ جماعت اسلامی کی حکومت میں کوئی وی آئی پی نہیں ہوگاسب برابر ہوں گے کوئی صدروی آئی پی نہیں ہوگا ،میرے پاس کوئی بندوق نہیں ہے اور نہ ہی میری پشت پر کسی عالمی قوت کا ہاتھ میرے پاس آپکا ساتھ ہے میرے لیے یہی بہت بڑی قوت ہے ،میں اسی سے تما م جنگیں جیتوں گا۔
