سعودی عرب میں نماز استسقاءکے بعد شدید بارش، بجلی معطل
جدہ (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں نماز استسقاءکے بعد گرج چمک کے ساتھ شدید بارش ہوئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق شدید بارش کے نتیجے میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، بعض علاقوں مکیں بجلی بھی منقطع ہوگئی، جدہ سے بیرون ملک اور اندرون ملک پروازوں کی آمدورفت میں غیر معمولی تاخیر ہوئی ہے۔گزشتہ روز خادم الحرمین شریفین کی اپیل پر بارش کے لئے ملک میں نماز استسقاءادا کی گئی جس کے بعد تمام شہروں اور دیہی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ طائف، مکہ مکرمہ، باحہ، نجران، ریاض اور مدینہ منورہ کے بعض اضلاع میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے جل تھل ہوگیا۔ بلدیاتی اہلکاروں نے سڑکوں سے پانی نکالنے کا کام شروع کردیا۔ سعودی حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ خطرے کے پیش نظر ساحلی اور نشیبی علاقوں میں نہ جائیں۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔