بھارتی پاگل پن اوراشتعال انگیزی کی بڑھتی شرح۔۔۔!

بھارتی پاگل پن اوراشتعال انگیزی کی بڑھتی شرح۔۔۔!
 بھارتی پاگل پن اوراشتعال انگیزی کی بڑھتی شرح۔۔۔!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بھارت اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہ رہنے پر بضد ہے اور اسے پاکستان میں امن کا مستحکم ہونا ایک آنکھ نہیں بھاتا، مودی حکومت انتہا پسندی کو پروان چڑھانے میں مصروفِ ہے۔پاکستان جہاں حق پرستی پر ببانگِ دہل اپنی پالیسی واضح کرتا ہے ان انتہاپسندوں کو مستقل شٹ اپ کال دیتا ہے اور ان کے ہر شدت پسندانہ حربے کو ناکام بنانے کے لئے مستحسن کاروائیاں عمل میں لاتا ہے۔ہمارے معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلنے کی کسی صورت اجاز ت نہیں دی جائے گی اور ایسی کوئی بھی سازش قطاً کامیاب ہونے نہیں دی جائے گی جو پاکستان کی بقاء اور اس کے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ غیریقینی بنائے بھارت کو منہ کی کھانی پڑے گی کیونکہ پاکستان کے سپوت غیور،دلیر اور جرأت مندانہ صلاحیتیں رکھتے ہیں۔بھارت اپنے داخلی مسائل کا بہانہ پیش کر کے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر صورتِ حال کشیدہ کر رہا ہے۔ بھارت میں ایک متعصب حکومت ہے جو نا صرف کشمیر بلکہ اپنے دیس میں اقلیتوں کے حقوق غصب کر رہی ہے اور انہیں کرب میں مبتلا کر رہی ہے۔


پاکستان با آواز بلند اقوام متحدہ میں کشمیر میں ہونے والے مظالم پر سخت موقف اختیار کر چکا ہے لیکن یو این او کے پاس محض ایک ہی تاویل ہے 3 جولائی 1972 کا شملہ معاہدہ جو ذولفقا ر علی بھٹو اور اندرا گاندھی کے مابین ہوا جس میں کشمیر کو آپس ہی میں حل کرنے پر اتفاق ہوا اور کسی دوسرے حلقے کو اس میں ملوث نہ کرنے کا طے کیا گیا۔لیکن یو این کو یہ بھی پرکھنا چاہیے کہ ایل او سی کی بلاوجہ خلاف ورزی نہ کرنے کے متعلق بھی طے کیا گیا تھا اس پر بھی اقوامِ متحدہ کو نوٹس لینا چاہیے۔ یہ خلاف ورزیاں جنگ بندی سمجھوتہ اور عالمی قوانین کے منافی ہیں۔ بھارتی ہائی کمشنر کو خبردار کیا گیا ہے کہ یہ رویہ علاقائی امن و سلامتی کے لیے نہایت خطرناک ہے بھارت ان حرکات و سکنات کے باعث کسی بڑی غلطی کا ارتکاب بھی کر سکتا ہے۔بد امنی کی ہوا چلانا بھارتیوں کا شیوہ ہے بھارت نا صرف دھمکیاں دیتا ہے بلکہ بزدلانہ سازشوں کو بھی فروغ دیتا ہے۔


پاکستانی فوج نے کبھی فائرنگ میں پہل نہیں کی لیکن جب ان پر فائرنگ کی جاتی ہے تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جاتا ہے۔ جنگی جنون میں مبتلا بے لگام بھارتی افواج کی جانب سے اس دہشت گردی سے محفوظ رہنے کے لئے لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب کنٹرول لائن کے بھمبر سکیٹر میں بھارت کی فائرنگ کے نتیجہ میں پاکستان کے سات فوجی شہید ہوگئے جواب میں پاکستانی جوانوں نے بھارتی پوزیشنز کو ٹارگٹ کیا۔عالمی برادری کے سامنے مودی سرکار نے اپنی بربریت کا جواز پیش کرنے کے لیے اڑی سیکٹر میں بھارتی فوجی ہیڈ کوارٹر پر حملے کا ڈرامہ تک کیا۔ بھارت میں ایسے شخص کی سرکار ہے جو بچپن ہی سے شدت پسندی کی طرف مائل رہا ہے سب کچھ اس کی ذہنیت پر موقوف ہے کیونکہ تعصبانہ تنظیموں کو مادر پدر آزادی اسی شخص ہی نے دی۔پاکستانی ادارے نے بتایا کنٹرول لائن بٹل سیکٹر میں بھارتی فوج کی گولہ باری کی وجہ سے چار شہری زخمی ہوئے جبکہ پاکستانی فوجیوں نے جواب میں تین بھارتیوں اور ان کے تین مورچوں کو اکھاڑ پچھاڑ دیا ۔


پاکستان کا یہ کہنا ہے کہ دشمن کو اس کی زبان میں جواب دینا پڑا تو کوئی دیر نہیں لگے گی بہتر یہ ہے کہ وہ اپنی ڈھٹائی و سرکشی سے خود ہی پیچھے ہٹ جائے۔سیز فائر کی حالیہ خلاف ورزی عورتوں اور بچوں سمیت چھبیس شہری شہید اور ایک سو دس سے زائد زخمی ہوئے ہیں ۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کسی بھی قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے بھرپور مہارت رکھتے ہیں شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف کشمیریوں کی اپنی جدوجہد جاری ہے جو کہ جابرانہ رویے کے خلاف ایک احتجاجی تحریک ہے بھارت اپنی ٖغلط کاری پر شرمندہ نہیں حتیٰ کے اب بھی اس نے استبداد کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور اس پر پردہ بھی ڈالنے کا خواہاں ہے۔


پاکستان نے عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ وہ بھارت کی گھناؤنی کاروائیوں کو رکوائے ورنہ تباہ کن نتائج کا احتمال ہے۔ شہری علاقوں کو نشانہ بنانا سیز فائر معاہدہ 2003 ، بین الاقوامی قوانین اور مفاہمت کی ناکامی کے مترادف ہے۔ ایل او سی کی 186 مرتبہ جبکہ ورکنگ باؤنڈری کی چالیس بار خلاف ورزیاں ہو چکی ہیں، مگر پاکستان بڑے مدبرانہ طریقے سے بھارت کی جنگ کوہوادینے والی حکمتِ عملی پر بردباری کا مظاہر ہ کر رہا ہے۔ بے یقینی کی کیفیت بھونچال کو دعوت دیتی ہے اس لیے بھارت کو مضطرب نہیں ہونا چاہیے اسے پاکستان کو تسلیم کرنا ہوگا اس کے پھیلائے زہر افشاں پروپیگنڈے کو روس،چین اور کئی ممالک مسترد کر چکے ہیں ا ور انہوں نے پاکستان کی افادیت اور امن پرستی ہی کا پرچار کیا ہے جس سے بھارت آگ بگولہ ہے۔ اب جب پاکستان میں خفیہ دہشگردی پلانٹ کر نے میں ’را ‘ کو ناکامیوں کا سامنا ہو رہا ہے اور اس کی کوشش بے سود جارہی ہے کوئی مکرو پلان کارگر ثابت نہیں ہو پا رہا تو حوصلہ شکستہ بھارت پوری دنیا کے سامنے طیش میں آچکا ہے اور اپنے اصل چہرے کی تشہیر کر رہا ہے۔

مزید :

کالم -