تزین و آرائش کا منتظر باغ جناح اوپن ایئر تھیٹر زبوں حالی کا شکار
لاہور(فلم رپورٹر)لاہور کا تاریخی باغ جناح اوپن ائیر تھیٹر ان دنوں زبوں حالی کا شکار ہے۔کئی سالوں سے تزین و آرائش نہ ہونے کی وجہ سے وہ اجاڑ کا منظر پیش کرتا ہے ۔ باغ جناح اوپن ایئر تھیٹر میں پیش کئے جانے والے سٹیج ڈراموں میں سلطان راہی،ننھا،رنگیلا،خالد سلیم موٹا،عرفان کھوسٹ جیسے بے شمار ملک کے بڑے بڑے فنکاروں نے کام کیا ہے۔اس وقت یہ حال ہے کہ سٹیج ڈرامہ میں کام کرنے والے فنکاروں کے لئے بیٹھنے کا بھی مناسب انتظام نہیں ہے دوسری جانب ڈرامے میں کام کرنے والی فنکاراؤں کے پاس لباس تبدیل کرنے کی کی بھی مناسب جگہ نہیں ہے۔
ان تمام وجوہات کی بنا پر باغ جناح اوپن ایئر تھیٹرآہستہ آہستہ لوگوں کی نظروں سے اوجھل ہوتا جا رہا ہے اگر یہی حال رہا تو وہ دن دور نہیں جب اس کی داستان بھی نہیں ہوگی داستانوں میں حکومت کئی بار اس تاریخی تھیٹر کی تزین و آرائش کا اعلان کرچکی ہے لیکن یہ سب زبانی جمع خرچ سے زیادہ نہیں ہے۔
وہ لوگ قابل داد ہیں جو ان حالات میں بھی باغ جناح اوپن ایئر تھیٹرمیں ڈرامے پیش کررہے ہیں۔