فلم ’’فقرے ریٹرنز‘‘ کی ریلیز کی تاریخ تبدیل
ممبئی(اے پی پی) بالی وڈ فلم ’’فقرے ریٹرنز‘‘ کی ریلیز کی تاریخ تبدیل کر تے ہوئے 8 دسمبر کر دی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریتش سدھوانی نے کہا ہے کہ شیڈول کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’پدماوتی‘‘ کی 8 دسمبر کو ریلیز کے پیش نظر ہم نے اپنی فلم کی ریلیز کی تاریخ آگے کر کے15 دسمبر کر دی تھی لیکن اب فلم’’پدماوتی‘‘ کو سنسر بورڈ کی جانب سے کلیئرنس سرٹیفیکٹ نہیں مل سکا جس کے باعث ہم نے فلم کو پہلے والے طے شدہ شیڈول کے مطابق ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فلم’’فقرے ریٹرنز‘‘ 8 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم 2013ء میں بننے والی کامیڈی فلم ’’فقرے‘‘ کا سیکوئل ہے۔ فلم کی کاسٹ میں پلکیت سمرت، ورون شرما، منجوت سنگھ، علی فضل اور ریچا چڈا شامل ہیں۔