خفیہ ہاتھوں نے کنگز پارٹی بنانے پر کام شروع کر دیا ہے،شاہ محمد اویس نورانی

خفیہ ہاتھوں نے کنگز پارٹی بنانے پر کام شروع کر دیا ہے،شاہ محمد اویس نورانی

  

لاہور (لیڈی رپورٹر) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ خفیہ ہاتھوں نے کنگز پارٹی بنانے پر کام شروع کر دیا ہے۔ ماضی میں عدلیہ مارشل لاؤں کو جائز قرار دیتی رہی ہے۔ آج تک کسی آئین شکن کو سزا نہیں ملی۔ پارلیمنٹ میں نمائندگی رکھنے والی ہر جماعت ختم نبوت حلف نامہ میں تبدیلی کے جرم میں شریک ہے۔ احتساب سب کا اور بلا امتیاز ہونا چایئے۔ منفی سیاست سے پاکستان دنیا میں تماشا بنا ہوا ہے۔ درود والوں کو امن کے راستے سے نہیں ہٹنے دیں گے۔ امن پسندی ہی اہل حق کی حقیقی شناخت ہے۔ ختم نبوت اور ناموس رسالت کے سب کچھ قربان کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔

۔ آئین کی اسلامی شقیں ختم نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی پنجاب کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر جاوید اختر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ ملک میں انتشار اور فساد پھیلانے والے بھارت کا ایجنڈا پورا کر رہے ہیں۔ پاکستان دشمن عالمی طاقتیں پاکستان کو ناکام ریاست بنانا چاہتی ہیں۔ اہل سنت میں انتہا پسندی پیدا کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر فنڈنگ ہو رہی ہے۔ ہم اپنے اسلاف کا راستہ اور صوفیاء کا طرز عمل نہیں چھوڑیں گے۔ ختم نبوت حلف نامہ میں تبدیلی کے ذمہ داران کا تعین ہونا اور انھیں سزا ملنا انتہائی ضروری ہے تاکہ آئندہ کوئی بد بخت ایسی جسارت نہ کر سکے۔ جے یو پی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اہل حق کو تقسیم کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ جے یو پی امام نورانی کے بتائے ہوئے راستے پر چل رہی ہے۔ ہم علامہ شاہ احمد نورانی کی سیاسی وراثت کی حفاظت کریں گے اور نفاذ نظام مصطفے کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہماری منزل نظام مصطفے کو اقتدار میں لانا ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -