حکومتی ممبران اسمبلی کی بغاوت روکنے کیلئے 21 ارب روپے تقسیم کئے گئے ،حامد رضا

حکومتی ممبران اسمبلی کی بغاوت روکنے کیلئے 21 ارب روپے تقسیم کئے گئے ،حامد رضا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (لیڈی رپورٹر) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومتی ممبران اسمبلی کی بغاوت روکنے کے لئے ترقیاتی فنڈز کے نام پر 21 ارب روپے تقسیم کئے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود 50 لیگی ممبران کا اجلاس میں شریک نہ ہونا( ن )لیگ میں بغاوت کا ثبوت ہے۔ عدالت سے نااہل قرار پانے والے شخص کے حق میں ووٹ دینے والے ممبران اسمبلی صادق اور امین نہیں رہے۔ 12 ربیع الاول سے پہلے مطالبے پورے نہ ہوئے تو ملک بھر کے عاشقان رسول عید میلاد النبی پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے منائیں گے۔ حکومت ختم نبوت کے غداروں کو بچا کر عاشقان رسول کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور نہ کرے۔ زاہد حامد ختم نبوت حلف نامہ میں تبدیلی کا ذمہ دار نہیں تو اصل ماسٹر مائنڈ کا نام بتائے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کی عوام دھرنے والوں نہیں حکومت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پریشان ہیں کیونکہ حکومت جائز مطالبہ نہ مان کر خود دھرنے کو طول دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ شریف خاندان ملک سے فرار ہونے کے منصوبے بنا رہا ہے۔ پاناما کیس میں ملوث تمام افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔ شاہد خاقان عباسی کا جاتی امراء سے ہدایات لینا غیر قانونی ہے۔ آئندہ الیکشن سے پہلے سیاست میں بڑے پیمانے پر جھاڑو پھرے گا۔ پاکستان کو صاف ستھری قیادت کی ضرورت ہے۔ کرپشن زدہ جمہوریت سے عوام کو کچھ نہیں ملا۔ حقیقی جمہوریت آنے سے عوام کے مسائل حل ہوں گے۔ عدالت سے نااہل قرار دیئے گئے فرد واحد کے لئے قانون میں ترمیم مضحکہ خیز ہے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ ملک کو مفاداتی نہیں نظریاتی سیاست کی ضرورت ہے۔ حرام کی کمائی والوں نے سیاست کو پیسے کا کھیل بنا دیا ہے۔ سیاست میں پیسے کا عمل دخل ختم کئے بغیر دیانتدار قیادت اقتدار میں نہیں آ سکتی۔