چیئرمین اختر سعید ہسپتال و میڈیکل کالج کا ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کا دورہ

چیئرمین اختر سعید ہسپتال و میڈیکل کالج کا ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کا دورہ

لاہور (لیڈی رپورٹر) چیئرمین اختر سعید ہسپتال و میڈیکل کالج بریگیڈیئر (ر) بلال سعید نے ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال شوکت ورک نے بریگیڈیئر (ر) بلال سعید کو ڈیلاسسز سنٹر کا دورہ کرایا اور انہیں ہسپتال کی زیر تعمیر بلڈنگ سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر معروف تاجر خالد چوہان اور چودھری محمد صدیق بھی موجود تھے۔ بریگیڈیئر (ر) بلال سعید نے ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کے ڈیلائسسز سنٹر کو سٹیٹ آف دی آرٹ قرار دیا اور کہا کہ میں نے ایسا ڈیلائسسز سنٹر کہیں نہیں دیکھا۔

یہاں پر مریضوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔

جن میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر شوکت ورک کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال میں انتظامات نے مجھے لاجواب کر دیا ہے۔ ڈاکٹر ا ے کیو خان ہسپتال فلاحی اداروں کے لئے اعلیٰ مثال ہے۔ ہمیں ایسے اداروں کی مدد کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ بریگیڈیئر (ر) بلال سعید نے کہا کہ اگر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کو مزید اراضی کی ضرورت پڑی تو ہم ہسپتال کو اراضی فراہم کریں گے۔ انہوں نے ہسپتال میں فری کینٹین بنانے کا بھی اعلان کیا جہاں پر مریضوں کو کھانا مفت فراہم کیا جائے گا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر شوکت ورک نے کہا کہ اس وقت ہسپتال تعمیر کے مراحل سے گزر رہا ہے۔ مخیر حضرات کو چاہیے کہ وہ ہسپتال کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ غریب، مستحق ا ور نادرا لوگوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4