میئر لاہور کی زیر صدارت اجلاس ، میلاد جلوس کے انتظامات کا جائزہ

میئر لاہور کی زیر صدارت اجلاس ، میلاد جلوس کے انتظامات کا جائزہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)مئیر لاہور کرنل(ر)مبشر جاوید اور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی اور جشن عید میلاد النبی ﷺ 12ربیع الاول کے جلوسوں کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ٹاؤن ہال میں ہوا۔ اجلاس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام جلوسوں کے منتظمین اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں جلوس منتظمین نے جشن ولادت مصطفیﷺکے جلوسوں کے بارے میں بریفنگ دی اور جلوس کے روٹ پر بہترین انتظامات کرنے، تجاوزات کو دور کرنے اور روٹ کی سڑکوں پر پیچ ورک کے کاموں کو مکمل کرنے کے حوالے سے درخواست کی جس پر مئیرلاہور کرنل (ر)مبشر جاوید اور ڈپٹی کمشنرسمیر احمد سید نے کہا کہ انتظامیہ جشن ولادت مصطفیﷺ کے موقع پر بہترین انتظام کرے گی اور جلوس کے منتظمین کو کسی بھی قسم کی شکایت نہ ملے گی۔ انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی، واسا، فوڈ اتھارٹی، میٹرو پولیٹن آفس، زون آفس ، پولیس ، سول ڈیفنس، ریسکیو1122، ایجوکیشن اتھارٹی، ٹریفک پولیس، پی ٹی سی ایل، سوئی گیس اور دیگر اداروں کے افسران و نمائندگان کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ذمہ تمام تر تیاریوں کے کام کو 11ربیع الاول تک مکمل کر لیں۔اجلاس کے آخر میں امت مسلمہ اور پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔