بل مسترد،(ن) لیگ توڑنے کے خواہشمند وں کو اپنی حیثیت نظر آگئی،پرویز ملک

بل مسترد،(ن) لیگ توڑنے کے خواہشمند وں کو اپنی حیثیت نظر آگئی،پرویز ملک

لاہور(جنرل رپورٹر)مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و وفاقی وزیر محمد پرویز ملک و جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی طرف سے پیش کردہ پارٹی سربراہی پر پابندی کابل بھاری اکثریت سے مسترد ہونے پر ثابت ہو گیا ہے، ن لیگ میں فارورڈ بلاک اور پارٹی کو توڑنے کی بات کرنے والے سیاسی بونوں کو اپنی حیثیت نظر آ گئی ہو گی، عمران خان پہلے نوازشریف سے خوفزدہ تھے اور اب وہ مسلم لیگ (ن) سے خوفزدہ ہیں اور اسمبلی نہیں آئیں گے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہزاروں میگاواٹ کے توانائی کے منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کئے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا ہے۔ گیس کی بنیاد پر لگائے جانے والے بجلی کے کارخانوں سے ہزاروں میگاواٹ بجلی حاصل ہورہی ہے، مخالفین کی سیاست نوازشریف کے گرد ہی گھومتی ہے اور وہ سیاست کا محور پہلے بھی تھے اور اب بھی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرارکان اسمبلی رمضان صدیق بھٹی،چوہدری شہباز سید توصیف شاہ،ڈاکٹر اسد اشرف،عامر خان،جاوید اقبال ،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار ،سمیرا امجد اور نادر خان کونسلرسمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے ناسور کو بڑی حدتک ختم کیا گیا ہے ۔

پرویز ملک

مزید : میٹروپولیٹن 1