امام احمد رضا کے پیروکار پاکستان کو نظامِ مصطفی کا گہوارہ بنائیں گے،علامہ ریاض شاہ

امام احمد رضا کے پیروکار پاکستان کو نظامِ مصطفی کا گہوارہ بنائیں گے،علامہ ...

لاہور (لیڈی رپورٹر) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ امام احمد رضا کے پیروکار پاکستان کو نظامِ مصطفی کا گہوارہ بنائیں گے۔ امام احمد رضا بریلوی سفیرِ عشقِ رسول تھے۔ بدعقیدگی کے خاتمے کے لیے فکرِ رضا کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ امام بریلوی دو قومی نظریہ کے حقیقی بانی ہیں۔ اہل حق قانون ناموسِ رسالت کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

نیا پاکستان نظامِ مصطفی کے نفاذ سے بنے گا۔ امام بریلوی نے ایک ہزار سے زائد کتابیں تحریر کیں۔ انہیں پچاس علوم پر عبور حاصل تھاان خیالات کاا ظہار انہوں نے ادارہ تعلیمات اسلامیہ میں یوم امام احمد رضا خاں بریلوی کی مناسبت سے منعقدہ ’’صدائے محراب ‘‘ کے ہفتہ وار اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ امام احمد رضا نے ناموسِ رسالت اور عقیدۂ ختمِ نبوّت کے تحفظ کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔ امام احمد رضا نے اپنی تحریروں کے ذریعے لاکھوں انسانوں کے دلوں میں عشقِ رسول کے چراغ روشن کیے۔ ان کی زندگی عشقِ رسول سے عبارت تھی۔ امام احمد رضا نے زندگی بھر گستاخانِ رسول کے خلاف قلمی جہاد کیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1