پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنا ضروری ،سید حسن ظفر

پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنا ضروری ،سید ...

  

اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ نون کے اسلام آباد یوتھ ونگ کے کوآرڈینٹر سید حسن ظفر نے اسلام آباد چیمبر کا دورہ کیا اور چیمبرکے سینئر نائب صدر محمد نوید کے ساتھ خطے کے نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کیلئے یوتھ ونگ اور چیمبر کے درمیان ممکنہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ساٹھ فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ اس اہم سرمایے کو کاروباری سرگرمیوں میں مصروف کیا جائے ۔

جس سے ملک پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کلچر پیدا کرنے کیلئے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں تا کہ وہ اپنا کاروبار شروع کرنے میں سہولت محسوس کریں اور مختلف شعبوں میں تکنیکی مہارت حاصل کر کے باعزت روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ پروگرام کا مقصد آبادی کے نوجوان اور غریب طبقات کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے تا کہ وہ معاشی خود کفالت کے بہتر مواقع حاصل کر سکیں اور ملک کی اقتصادی ترقی میں ایک فعال کردار ادا کر سکیں۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کلچر کو فروغ دینے کیلئے ایک نئی قومی حکمت عملی وضع کرے تا کہ نوجوان کاروبار کے میدان میں اپنا مستقبل تابناک بنا سکیں جس سے اقتصادی ترقی کی رفتار تیز ہو گی اور معاشرے میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک نے انٹرپرینیورشپ پر زیادہ توجہ دے کر تیز رفتار اقتصادی ترقی حاصل کی اور پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ اس روش کو اپنا ئے تا کہ کاروبار بہتر فروغ پائے جس سے سرمایہ کاری بڑھے گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت مستحکم ہو گی۔ انہوں نے سید حسن ظفر کو چیمبر کے ینگ انٹرپرینیورز فورم کی طرف سے نوجوانوں اور خواتین کی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ چیمبر نے خواتین سمیت نوجوان طبقے کی ترقی کیلئے بہت سے نئے اقدامات اٹھانے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے تا کہ اس خطے کے نوجوان اپنا کاروبار شروع کر کے معیشت کے ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے قابل ہو سکیں۔

#/s#

مزید :

کامرس -