جنرل ہسپتال گردوں کے جدید علاج کا پہلا سرکاری مرکز بن گیا

جنرل ہسپتال گردوں کے جدید علاج کا پہلا سرکاری مرکز بن گیا

لاہور (جنرل رپورٹر جنرل ہسپتال سرکاری شعبے میں گردے کی پتھری کے جدیدطریقہ علاج کاپہلا مرکز بن گیا ،جس کے تحت جسم پر کسی بھی قسم کا کٹ لگائے بغیر مریض کے گردے سے پتھری کونکالناممکن ہوگیا ہے اور اس طریقے کے تحت گزشتہ روز ایل جی ایچ میں تین مریضوں کا کامیاب علاج مکمل کرلیاگیا ہے ۔ اِن خیالات کااظہار پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے جنرل ہسپتال میں ’’سپائن ۔۔پی سی این ایل‘‘ کے جدید طریقہ علاج پر منعقدہ دوروزہ لائیوورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے ہیڈ آف یورالوجی ڈیپارٹمنٹ جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹرمحمدنذیر کی کاوشوں کوسراہا جن کے باعث کسی بھی سرکاری ہسپتال میں پہلی مرتبہ اس طریقہ علاج پرعمل درآمد ممکن ہوا ہے ۔ پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ نوجوان ڈاکٹروں کوجدید طریقہ علاج اورمیڈیکل کے شعبے میں ہونے والی ترقی کواپناناچاہئے تاکہ مریض اس سے استفادہ کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق اورآگے بڑھنے کی کاوشوں کے ثمرات ہیں کہ آج جنرل ہسپتال میں اس طرح کے جدید رحجانات پر عمل درآمدہورہاہے۔ انہوں نے اس اَمر پر خوشی کااظہارکیا کہ اَب گردے کے مریضوں کوجدید طریقے سے علاج معالجے کی سہولتیں حاصل ہونگی۔ پروفیسر غیاث النبی طیب نے جنرل ہسپتال کے شعبہ یورالوجی کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور آنے والے دنوں میں اِس میں مزید اضافے کی توقع ظاہر کی ۔ہیڈ آف یورالوجی ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹرمحمدنذیر نے لائیوورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیمرہ کے ذریعے گردوں کی پتھری نکالنے کایہ جدید طریقہ علاج مریض کے لئے زیادہ سہولت مند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اَب پتھری نکالنے کے بعد مریض کوچوبیس گھنٹے میں ہسپتال سے ڈسچارج کردیاجائے گاجبکہ گردے کے پہلے سے مریضوں کے لئے یہ طریقہ علاج مزید فائدہ مند ثابت ہوگا۔انہوں نے نشاندہی کی کہ دن بدن یورالوجی کے مریضوں میں اضافہ ہورہاہے اور ملتان سے جیکب آباد تک کے علاقوں کو یورالوجی کی شرح میں اضافے کی بیلٹ قراردیاجاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس طریقہ علاج سے پتھری کو اندرہی توڑ کر نکال دیاجاتا ہے جومریض کے لئے کم تکلیف دہ ہے۔ورکشاپ سے جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرغلام صابر کے علاوہ ڈاکٹرفوادنصراللہ ، ڈاکٹرشاہجہاں، ڈاکٹرکامران زیدی ،ڈاکٹر سلیم ملک ، ڈاکٹر ذیشان وینس اورڈاکٹرا عجاز نے بھی خطاب کیا جبکہ ینگ ڈاکٹروں کے علاوہ نرسز اورپیرامیڈیکل سٹاف کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ اس ورکشاپ کااختتامی سیشن 23نومبر بروز جمعرات سہ پہر 4:00بجے ہوگا۔

جنرل ہسپتال

مزید : میٹروپولیٹن 1