لیسکوچیف کی بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے ہدایت
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی نے لیسکو افسران کو بجلی چوروں کے خلاف کارروئیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ لیسکو ریجن میں بجلی چوری کے ناسور کو مکمل طور پر ختم کر کے دم لیں گے۔ یہ بات انہوں نے لیسکو قصور سرکل میں اجلاس سے خطاب کے دوران کہی ۔لیسکو کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سرکل کی کارکردگی خصوصاً بجلی چوری ،لائن لاسز اور ریکوری کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کے دوران چیف ایگزیکٹو نے کہابجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں تیز تر کی جائیں اگر کو ئی بجلی چوری کرتا ہوا پکڑا جائے تو اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرتے ہوئے فوری ایف آئی آر درج کروائی جائے۔
اور موقعے پر ڈٹیکشن بل چارج کیا جائے۔ چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی نے ایس ڈی اوز اور سرکلز کی M&Tاور S&I کی ٹیموں اور سرکل/ ڈویژن کی سطح پر موجود سرو یلنس کی ٹیموں کو بھی ہدایات جاری کی کہ وہ شیخو پورہ سرکل کی طرز پر روزانہ گروپس کی شکل میں کنکشنز/ میٹرز کی چیکنگ کریں۔ اور روزانہ کی کارکردگی کی رپورٹ اپنے متعلقہ ایس ڈی او، ایکسئینز، ایس ایز، اور چیف انجینئر کو جمع کروائی جائے۔ چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے سسٹم کو بجلی چوری سے پاک رکھنا ہے اور کمپنی کو ترقی کی جانب لے جانا ہے۔ساتھ ہی ساتھ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ تمام ایس ڈی اوز اپنے دفاترمیں اپنی حاضری کو ممکن بنائیں جبکہ تمام ایس ڈی اوز اس بات کا دھیان رکھیں کہ کسی بھی صورت اوور بلنگ نہ ہو اور میٹرر ریڈزدرست ریڈنگ کریں اور تمام صارفین کے خراب میٹروں کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے ۔جبکہ 15دسبر تک تمام نئے کنکشنز کے میٹر لگا دئیے جائیں ۔چیف ایگزیکٹو لیسکو کی سربراہی میں ہونے والے اس اجلاس میںآپریشن ڈائریکٹر محمد علی ڈوگر، ایس ای قصور ، ایکسئینز ، ایس ڈی اوز اور ریوینیو آفیسر نے شرکت کی ۔