پی ٹی سی ایل انکیو بیشن سینٹر کے قیام کیلئے حکومتِ خیبر پختونخواہ سے معاہدہ
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے خیبر پختونخواہ کے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ساتھ پشاور میں انتہائی جدید ترین انکیوبیشن سینٹر (انّوویشن لیب) اورسافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک (STP) کے قیام کے لئے ایک اسٹریٹیجک معاہد ہ کیا ہے۔ انکیوبیشن سینٹر اور STP مکمل طور پر آئی ٹی اور ٹیلی کام سروسز کا انتظام نیا کاروبار شروع کرنے والے نوجوانوں اور آئی ٹی کمپنیوں کے لئے کریں گے جیسے کہ ہائی اسپیڈ انٹر نیٹ، انٹر نیشنل کنکٹویٹی، وائس، اینڈ وائی فائی سلوشن ۔پی ٹی سی ایل ان اداروں کو انکیوبیشن سینٹر اور STP میں کلاؤڈ سروسز اور سرویلنس فراہم کرے گی۔ ان اداروں کو آغاز کے بارے میں تعلیم و تربیت بھی فراہم کرے گا جو انکیوبیشن سینٹر میں خود کو انرول کریں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل کے چیف ڈیجیٹل سروس آفیسر ، عادل رشید نے کہا :’’ہم آئی ٹی اور ٹیلی کام کی فیلڈ میں خیبر پختونخواہ کی حکومت کے ساتھ اپنی شراکت داری کووسعت دینے پر خوش ہیں۔ہمیں خیبر پختونخواہ کے آئی ٹی بورڈ نے یہ اعزاز بخشا ہے کہ انہوں نے پورے صوبے میں انکیوبیشن سینٹر اور STPs کے قیام کے لئے پی ٹی سی ایل کو منتخب کیا ہے۔خیر پختونخواہ کی آئی ٹی کی وزارت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات انتہائی قابلِ اطمینان ہیں کیونکہ اس طرح صحت ، تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ جات کو تبدیل کرنے میں معاونت ہوتی ہے۔‘‘ انہوں نے آئی سی ٹی ڈومین میں خاص طور پر درشل پراجیکٹ میں کے پی کے کی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ، خیبر پختونخواہ کے آئی ٹی اور صحت کے سینئر وزیر، شہرام خان نے کہا :’’ خیبر پختونخواہ حکومت نے اپنے آغاز سے ہی خیبر پختونخواہ کے شہریوں اور عوام کو جدید خدمات فراہم کرنے کا ایک مستحکم عزم کررکھا ہے ، اور بہت سے عوامی منصوبوں کو شروع کیا ہے۔ درشل پراجیکٹ اور STPs صحت، تعلیم اور آئی ٹی کے شعبہ جات میں نہ صرف یہ کہ کاروبار کو وسیع تر کرنے کی تبدیلی میں معاون ثابت ہوں گے بلکہ آئی ٹی او ر بزنس منیجمنٹ میں نئے گریجویشن کرنے والوں کے لئے روز گار کے مواقع بھی فراہم کریں گے۔‘‘مذکورہ سہولت ایک ہی جگہ پر تمام تر اور تازہ ترین آئی ٹی خدمات سے لیس مؤثر آفس سلوشن مہیا کرے گی۔ انکیوبیشن سینٹر کا قیام خیبر پختونخواہ میں آئی ٹی کے کاروبار کی ترقی کا طویل المدتی راستہ ہے جس سے تکنیکی طور پر تخلیق کار نوجوانوں کو اپنے کاروبار کو فروغ دینے اور ملک کے جی ڈی پی میں شراکت سے مدد ملے گی۔ پی ٹی سی ایل کے جنرل منیجر برائے ڈیجیٹل سروسز، ایم سلیمان اعوان اور خیبر پختونخواہ حکومت کے آئی ٹی بورڈ کے ڈائرکٹر ایڈمنسٹریشن، عمران خان نے اس معاہدے پر دستخط کئے ، اس موقع پروزیر برائے صحت و سائنس خیبر پختونخواہ حکومت، شہرام خان، پی ٹی سی ایل کے چیف ڈیجیٹل سروسز آفیسر، عادل رشید، خیبر پختونخواہ حکومت کے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈائرکٹر فنانس اور ایچ آر ، محمد منعم اور پی ٹی سی ایل کے سینئر منیجر برائے ڈیجیٹل سروسز، احتشام رفیق اور پی ٹی سی ایل کے دیگر اہلکار موجود تھے۔
*****