انسداد غربت کیلئے جاری کاوشوں کو مزید تیز تر کرنے کی ضرورت ، ڈاکٹر رفیع میر الدین
اسلام آباد (اے پی پی) ماہر اقتصادیات ڈاکٹر رفیع میر الدین نے کہا ہے کہ ملک سے ہر طرح کی غربت کے خاتمہ کیلئے انسداد غربت کیلئے جاری کاوشوں کو مزید تیز تر کرنے کی ضرورت ہے، حکومتی کوششوں سے آئندہ 15 سے 20 سال میں پاکستان کیلئے بے پناہ اقتصادی مواقع آ رہے ہیں ۔ سی پیک اور نوجوان آبادی کی بڑی تعداد سے فائدہ اٹھا کر اسے غربت کے خاتمے کی کاوشوں میں شامل کر سکتی ہے۔
تاہم اگر ان مواقع سے فائدہ نہ اٹھایا گیا تو حالات ابتر ہو جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کثیر جہتی غربت انڈیکس غربت جانچنے کا نیا طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالہ سے ہر طرح کی غربت میں کمی لانے کی یقین دہانی کرا رکھی ہے تاہم غربت کی کسی تعریف پر ابھی تک اتفاق رائے دیکھنے میں نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ غربت کا تعلق صرف پیسے سے نہیں بلکہ سماجی نظر اندازی، بھوک، بے روزگاری اور صحت سمیت کئی دوسرے اشاریئے بھی غربت کے تعین میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام اشاریوں کو پیش نظر رکھیں تو گزشتہ ایک دہائی میں دعوؤں کے برعکس عملی طور پر دنیا بھر میں غربت میں محض چار فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے دوسرے اشاریوں کو نظر انداز کرنے کا مطلب یہ ہو گا کہ ہم نے انسانی زندگی کے دوسرے مسائل اور محرومیوں کو نظر انداز کر کے لوگوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے برسوں میں حکومت سی پیک اور نوجوان آبادی کی بڑی تعداد سے فائدہ اٹھا کر اسے غربت کے خاتمے کی کاوشوں میں شامل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت میں کمی لانا پائیدار ترقی کے عالمی اہداف کے بڑے مقاصد میں سے ایک ہے جس کا حصول غربت کے خاتمے کے لیے بہتر حکمت عملی طے کیے بغیر ممکن نہیں۔