نیشنل ٹی 20کپ : سرفرا ز کی ٹیم کراچی وائٹس کے ہاتھوں پٹ گئی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری نیشنل ٹی 20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2017 ء میں فاٹا نے کراچی وائٹس کو 19رنز سے ہرا دیا، پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے گذشتہ روز پہلے میچ میں کراچی کے کپتان سرفراز احمدنے ٹاس جیت کرفاٹا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،فاٹاریجن کی ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر219رنز بنائے ،مختار احمد نے ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری سکورکی ،انہوں نے 58گیندوں پر 15چوکوں اور 6چھکوں کی مدد سے 117نز کی شاندار اننگ کھیلی جبکہ سہیل اختر نے ایک چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے 39 رنزاور نبی گل نے دو چکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 22رنز بنائے ،کراچی کی طرف سے انور علی اور تابش خان نے بالترتیب 51اور62رنز دیکر دو،دو جبکہ رومان رئیس 29 رنز اور ذوالفقار بابر نے 40 رنز دے کر ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں کراچی کی ٹیم مطلوبہ ہدف پورا نہ کر سکی بلکہ مقررہ20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر200رنز بنا سکی اور 19رنز سے میچ ہار گئی،کراچی کی طرف سے خرم منظور نے ٹورنامنٹ کی دوسری سنچری سکور کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو کامیابی دلوانے میں ناکام رہے،خرم منظورنے 61گیندوں پر14 چوکوں اور دو چھکوں کی مددسے 104رنزاور حارث سہیل نے 23گیندوں پر4چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے50رنز بنائے،فاٹا کی طرف سے سمین گل اور حماد اعظم نے بالترتیب 26ا ور 30رنز دیکر دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔فاٹا ریجن کے مختار احمد کو ان کی شاندار سنچری پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا۔ دوسرے میچ میں لاہور بلیوز نے اسلام آباد کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر چوتھی کامیابی کے ساتھ قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، فاتح ٹیم نے 175 رنز کا ہدف 19 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، احمد شہزاد نے 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، شان مسعود کی 103 رنز کی اننگز رائیگاں گئی تاہم شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ آج پہلا میچ لاہور ریجن(بلیوز) اورراولپنڈی ریجن کی ٹیموں کے درمیان دوپہر 12بجے جبکہ دوسرا میچ فیصل آبادریجن اور پشاورریجن کی ٹیموں کے درمیان سہ پہر4بجے کھیلا جائیگا۔