حکومت نے باکسر وسیم کے فنڈز کی کمی کے الزامات مسترد کردیئے
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی حکومت نے ورلڈ باکسنگ کونسل (ڈبلیو بی سی)سلور فلائی ویٹ چمپیئن باکسر محمد وسیم کی جانب سے فنڈ کی کمی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کو دیے گئے فنڈز کی تفصیلات جاری کردی۔وزارت بین الصوبائی رابطے کی جانب سے جاری ایک بیان میں محمد وسیم کو 2014 سے تاحال جاری کیے گئے فنڈز کی تفصیلات دی گئی ہیں جس کے مطابق چمپیئن باکسر کو تقریبا دو کروڑ 80 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔سرکاری دستاویزات کے مطابق وسیم کو2014میں گلاسکو کامن ویلتھ گیمز کے لیے 20 لاکھ روپے دیے گئے، اسی سال ایشین گیمز کے لیے دس لاکھ اور ڈبلیو بی سی پروفیشنل میں شرکت کے لیے تربیت اور تیاری کے سلسلے میں 2 کروڑ 46 لاکھ 75 ہزار روپے جاری کیے جاچکے ہیں۔وزارت بین الصوبائی رابطے کے اعلامیے کے مطابق محمد وسیم کی پاکستان اور بیرون ملک کوچنگ کے لیے حکومت نے لاکھوں روپے جاری کیے جس کا مطلب ہے کہ حکومت نے باکسر کا خیال رکھا۔
اور ہر مرحلے میں ان کی معاونت کی۔حکومت کا کہنا ہے کہ باکسر کو وزیراعظم کی جانب سے تربیتی اور مختلف پروگرامز کے لیے بھاری رقم مختص کی گئی۔