پاکستان سے سیریز ،سیکرٹری بھارتی کرکٹ بورڈ کی وزیر کھیل سے ملاقات
نئی دہلی(نیٹ نیوز)بھارتی کرکٹ بورڈ کے عبوری سیکریٹری امیتابھ چوہدری نے وزیر کھیل راج وردھن سنگھ سے ملاقات کی ہے جس میں آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ اور ون ڈے لیگ میں پاکستان سے کھیلنے پر مشاورت کی گئی۔آئی سی سی نے اپنے گذشتہ اجلاس میں 9 ممالک پر مبنی ٹیسٹ اور 13 ٹیموں پر مشتمل ون ڈے لیگ کا اعلان کیا تھا۔ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز 2019 سے ہوگا جس میں 9 ممالک 2 سال کی مدت میں ایک دوسرے کے خلاف ہوم اور اوے 6 سیریز کھیلیں گے۔سیریز 2 سے 5 ٹیسٹ پر مبنی ہوگی۔2 سال بعد پوائنٹ ٹیبل پر سرفہرست 2 ٹیموں کے درمیان لارڈز گرانڈ پر پلے آف فائنل کھیلا جائے گا۔ 13 ٹیموں پر مشتمل ون ڈے لیگ کا آغاز 2020 سے ہوگا۔بھارتی بورڈ کے عبوری سیکریٹری نے ٹیسٹ اور ون ڈے لیگ پر مشتمل نئے فیوچر ٹور پروگرام پر مشاورت کے لئے وزیر کھیل سے کولکتہ ٹیسٹ کے دوران ملاقات کی جس کا مقصد پاکستان سے ٹیسٹ اور ون ڈے لیگ کے لئے میچز کھیلنے کے بارے میں اجازت طلب کی گئی۔