نائیجیریا کی مسجد میں نمازیوں پر حملہ انتہائی قابلِ مذمت ہے،امریکہ
واشنگٹن (این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ نے نائجیریا کی ریاستِ ادماوا میں موبی کے مقام پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اِس جانی نقصان پر ہم نائجیریا کے عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بدھ کو جاری کیے گئے ایک بیان میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے کہا کہ اِس جانی نقصان پر ہم نائجیریا کے عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ یہ حقیقت کہ عبادت گاہ کو نشانہ بنایا گیا، اس سے ایک بار پھر دہشت گردوں کی ظالمانہ فطرت ظاہر ہوتی ہے، جو بات اْن کے خاص عزائم سے پردہ اٹھاتی ہے جس کا مقصد نائجیریا کے شہریوں کے امن اور سلامتی کو ذق پہنچانا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کے خلاف ایسے سنگ دلانہ حملے محض ہمارے عزم کو پختہ کرتے ہیں کہ نائجیریا اور ہمارے علاقائی ساجھے داروں کے تعاون سے اِن خطرات سے نمٹا جائے گا۔