شامی صدرکا دورہ روس،سیاحتی مقام سوچی میں پوٹن سے ملاقات

شامی صدرکا دورہ روس،سیاحتی مقام سوچی میں پوٹن سے ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دمشق(این این آئی)شا م کے صدربشار الاسد نے کہا ہے کہ شام کی صورتحال میں بہتری ہوئی ہے اورشامی حکومت اب سیاسی حل کی جانب دھیان دینے کے قابل ہو گئی ہے۔ روسی صدرکا شکر گزارہوں انہوں نے جو کچھ بھی کیاہمارے مفاد میں کیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی صدارتی محل کریملن سے جاری ایک بیان میں کہاگیاکہ شامی صدر بشار الاسد نے اپنے دورہ روس کے دوران روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کی ۔ کریملن نے بتایا کہ اس دوران شام کی موجودہ صورتحال اور وہاں قیام امن کی کوششوں پر تبادلہ کیا گیا۔شامی صدر بشار الاسد نے روسی شہر سوچی میں ولادیمیر پوٹن سے مفصل ملاقات کے دوران شام کی صورتحال اور شدت پسندوں کے خلاف جاری عسکری کارروائی پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے اس شورش زدہ ملک میں قیام امن کی کوششوں پر بھی بات چیت کی،روس کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق اس ملاقات میں پوٹن نے اسد سے کہاکہ ہم دہشت گردوں کے خلاف مکمل کامیابی حاصل کرنے کے حوالے سے ابھی کافی دور ہیں۔ لیکن جہاں تک شام میں دہشت گردوں کے خلاف روس اور شام کی مشترکہ کوششوں کا تعلق ہے تو اس میں بہتری پیدا ہو رہی ہے۔پوٹن نے کہا کہ وہ اسد سے ملاقات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مشرق وسطیٰ کی ریاستوں کے سربراہوں سے بھی رابطے کریں گے،روسی صدر پوٹن نے اپنے شامی ہم منصب سے ملاقات میں انہیں مبارکباد دی کہ وہ کامیابی کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پوٹن نے کہا کہ تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ شام میں امن قائم کرنے کی خاطر سیاسی کوششوں کا آغاز کیا جائے۔
پوٹن نے اسد سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہاکہ میں آپ کی اس رضامندی سے مطمئن ہوں کہ آپ اْن فریقین سے مل کر قیام امن اور مسائل کا حل چاہتے ہیں، جو اس تنازعے کا خاتمہ چاہتے ہیں۔اس موقع پر بشار الاسد نے کہا کہ شام کی صورتحال میں بہتری ہوئی ہے اور دمشق حکومت اب سیاسی حل کی جانب دھیان دینے کے قابل ہو گئی ہے۔ شامی صدر نے دمشق حکومت اور عوام کی ایماء پر روسی صدر پوٹن کا شکریہ ادا بھی کیاکہ آپ نے جو کچھ بھی کیا، میں اس کے لیے شکرگزار ہوں۔

مزید :

عالمی منظر -